لاہور (این این آئی) وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے تحت پنجاب ٹریفک پولیس جدید ٹیکنالوجی کی راہ پر گامزن ہے، ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب محمد وقاص نذیر کی قیادت میں ٹریفک پولیس کے ڈرائیونگ سکولز کو جدید خطوط پر استوار کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا۔ ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق ڈرائیونگ ٹریننگ سینٹرز میں جدید ترین ڈرائیونگ سیمولیٹرز نصب کرنے عمل شروع کر دیا گیا ۔ پہلے مرحلے میں لاہور، راولپنڈی، فیصل آباد، گوجرانوالہ،ملتان ساہیوال اوکاڑہ اور گجرات میں سیمولیٹرز نصب کیے گئے ہیں، دوسرے مرحلے میں صوبے کے تمام شہروں کے ڈرائیونگ ٹریننگ سینٹرز میں سیمولیٹرز نصب کئے جائیں گے۔اس حوالے سے ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب محمد وقاص نذیر نے کہا کہ جدید سیمولیٹرز کی تنصیب روایتی ٹریننگ سسٹم کو جدید خطوط پر استوار کرنے کی عملی کوشش ہے، جدید سیمولیٹرز نصب کرنے کا مقصد محفوظ اور معیاری تربیت فراہم کرنا ہے، دوسرے مرحلے میں زیر تربیت شہریوں کو شاہرات پر عملی ٹریننگ کروائی جاتی ہے۔ شاہرات پر عملی تربیت سے سٹوڈنٹس کو پر اعتماد ڈرائیور بنایا جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے ویژن کے مطابق ٹریفک پولیس کو جدید ٹیکنالوجی سے لیس کیا جا رہا ہے،جدید سیمولیٹرز کے استعمال سے ٹریفک قوانین کی پاسداری اور روڈ سیفٹی بارے عوامی آگاہی بہتر ہو گی،خواتین سیمولیٹرز پر محفوظ ماحول میں باآسانی ڈرائیونگ کی تربیت حاصل کر سکتی ہیں، ڈرائیونگ ٹریننگ سکولز میں جدید سیمولیٹر کے استعمال سے حادثات میں واضح کمی آئے گی۔ ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب نے کہا کہ ٹریفک پولیس کے ڈرائیونگ سکولز مرد خواتین اور ٹرانس جینڈرز کو بہترین ڈرائیونگ تربیت فراہم کر رہیے ہیں۔

