اسلام آباد (این این آئی)سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے ”فتح-4“ گراؤنڈ کروز میزائل کے کامیاب تجربے پر قوم، مسلح افواج، سائنسدانوں اور انجینئرز کو مبارکباد دی ہے۔منگل کو اپنے تہنیتی پیغام میں انہوں نے کہا کہ ”فتح-4“ کا کامیاب تجربہ پاکستان کے دفاعی نظام کو مزید مستحکم بنانے کی جانب اہم پیش خیمہ اور ہماری عسکری صلاحیتوں اور سائنسی ترقی کا مظہر ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس کامیابی نے ایک بار پھر یہ ثابت کیا ہے کہ پاکستان کے انجینئرز اور سائنسدان انتہائی باصلاحیت ہیں اور ملک کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنانے میں ان کا کردار قابل ستائش ہے۔ سپیکر سردار ایاز صادق نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج ملک کے ناقابل تسخیر دفاع کی ضمانت ہیں اور قوم کو ان کی صلاحیتوں اور قربانیوں پر فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی میں پیش رفت ملکی دفاع کو مضبوط اور خطے میں امن و استحکام کے فروغ کا باعث بنے گی۔سپیکر قومی اسمبلی نے مسلح افواج، سائنسدانوں اور انجینئرز کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کی انتھک محنت اور عظیم قربانیاں پاکستان کے تابناک مستقبل کی ضامن ہیں۔

