انڈونیشیا؛ ٹک ٹاک لائیو پر بوسہ لینے والے غیر شادی شدہ جوڑے کو سرعام کوڑے مارے گئے

انڈونیشیا میں رواں سال 27 فروری کو ایک گاڑی میں ٹک ٹاک لائیو کے دوران 22 سالہ نوجوان اور 25 سالہ لڑکی کو بوسہ لیتے دیکھا گیا تھا۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق غیر شادی شدہ جوڑے کے بوسہ لینے کی ٹک ٹاک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد شہریوں نے شکایت درج کرائی تھی جس پر شریعہ پولیس نے اپریل میں جوڑے کو گرفتار کرلیا۔

بعد ازاں انڈونیشیا کی ایک شریعہ عدالت میں سماعت ہوئی جہاں ٹک ٹاک لائیو کی ویڈیو والے موبائل فون اور یو ایس بی فلیش ڈرائیو کو بھی بطور ثبوت ضبط کرتے ہوئے انہیں تلف کرنے کا حکم دیا گیا۔

شرعی عدالت نے ابتدا میں دونوں کو 25، 25 کوڑوں کی سزا سنائی تھی تاہم چونکہ وہ تقریباً چار ماہ جیل میں گزار چکے تھے اس لیے سزا کم کرکے 21 کوڑے فی کس کر دی گئی تھی اور سرعام عمل درآمد کا حکم دیا۔

عدالت کے حکم پر عمل درآمد کرانے کے لیے صوبائی دارالحکومت بانڈا آچے کے بستان السلام سٹی پارک میں تقریباً 100 سے زائد افراد کے سامنے دی گئی۔ محکمہ قانون و اںصاف کے نقاب پوش اہلکاروں نے بانس نما لکڑی کی چھڑی سے کوڑے مارے گئے۔

علاوہ ازیں اسی روز مزید 4 افراد کو بھی آن لائن جوا کھیلنے اور زنا کے الزامات میں سرعام کوڑوں کی سزا دی گئی۔

آچے انڈونیشیا کا واحد صوبہ ہے جہاں شرعی قوانین نافذ ہیں۔ مرکزی حکومت نے 2006 میں علیحدگی پسند تحریک کے خاتمے کے لیے ہونے والے امن معاہدے کے تحت صوبے کو اسلامی قوانین نافذ کرنے کا خصوصی اختیار دیا تھا۔

بعد ازاں 2015 میں ان قوانین کا اطلاق غیر مسلموں پر بھی کر دیا گیا اگرچہ صوبے میں ان کی آبادی تقریباً ایک فیصد ہے۔

صوبے کے شرعی قوانین کے تحت زنا، ہم جنس پرستی، جوا، شراب نوشی، خواتین کے تنگ لباس پہننے اور مردوں کے جمعہ کی نماز چھوڑنے جیسے جرائم پر بھی کوڑوں کی سزا دی جا سکتی ہے جبکہ بعض اخلاقی جرائم پر 100 کوڑوں تک کی سزا کا قانون موجود ہے۔

دوسری جانب انسانی حقوق کی تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل انڈونیشیا نے اس سزا کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے انسانی حقوق کی خلاف ورزی، غیر انسانی اور انسانی وقار کے منافی قرار دیا ہے۔

تنظیم کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر عثمان حمید کا کہنا تھا کہ اگرچہ اس طرح کا رویہ سماجی طور پر نامناسب سمجھا جا سکتا ہے لیکن اسے ایسا جرم قرار دینا جس کی سزا قید یا سرعام کوڑے ہوں، حد سے زیادہ سخت اقدام ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں