کراچی (اسٹاف رپورٹر) ملی شہید عثمان خان کاکڑ کی پانچویں برسی کے موقع پر پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کے زیر اہتمام کراچی آرٹس کونسل میں تعزیتی ریفرنس منعقد ہوا، جس کی صدارت پارٹی کے چیئرمین و رکن قومی اسمبلی خوشحال خان کاکڑ نے کی۔ ریفرنس میں مختلف سیاسی، جمہوری، قوم پرست اور ترقی پسند جماعتوں کے رہنماؤں، کارکنوں اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے شرکت کی۔ تعزیتی ریفرنس سے پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما اور سابق چیئرمین سینیٹ رضا ربانی، پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی سندھ کے صوبائی صدر صدیق آغا، جنوبی پشتونخوا کے صوبائی صدر اور سابق رکن صوبائی اسمبلی نصراللہ خان زیرے، پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما و سابق رکن قومی اسمبلی قادر خان مندوخیل، عوامی تحریک سندھ کے مرکزی صدر وسان تھری ایڈووکیٹ، نیشنل ڈیموکریٹک موومنٹ کے صوبائی چیئرمین محمد شیر خان، سندھ ترقی پسند پارٹی کے قائم مقام چیئرمین گلزار سومرو اور عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی کلچر سیکرٹری حمیداللہ خٹک سمیت دیگر رہنماؤں نے خطاب کیا۔مقررین نے شہید عثمان خان کاکڑ کی قومی، جمہوری اور عوامی حقوق کے لیے بے مثال جدوجہد اور قربانیوں کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ عثمان خان کاکڑ نے اپنی پوری سیاسی زندگی جمہوریت، آئین کی بالادستی، قومی برابری، مساوات، سماجی انصاف اور عوام کے بنیادی حقوق کے لیے جدوجہد میں گزاری۔ ان کی جدوجہد اور قربانیاں قومی تاریخ کا روشن باب ہیں، جنہیں فراموش نہیں کیا جا سکتا۔مقررین نے کہا کہ شہید عثمان خان کاکڑ ایک بااصول، جمہوریت پسند اور عوام دوست رہنما تھے جنہوں نے مشکل ترین حالات میں بھی اپنے نظریات اور اصولوں پر سمجھوتہ نہیں کیا۔ انہوں نے محکوم اقوام اور محروم طبقات کے حقوق کے لیے بھرپور آواز بلند کی۔ ان کی شہادت قومی و سیاسی حلقوں کے لیے ایک بڑا نقصان ہے، تاہم ان کے افکار اور نظریات آج بھی سیاسی کارکنوں کے لیے مشعلِ راہ ہیں۔مقررین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ شہید عثمان خان کاکڑ کے نظریات اور جدوجہد کو آگے بڑھاتے ہوئے قومی برابری، مساوات، سماجی انصاف، جمہوریت، آئین کی بالادستی اور عوامی حقوق کے لیے جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔اس موقع پر پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی سندھ کے صوبائی ڈپٹی سیکرٹری نظام خان کاکڑ نے مختلف قراردادیں پیش کیں، جبکہ تعزیتی ریفرنس کے اسٹیج سیکرٹری کے فرائض پارٹی کے صوبائی سیکرٹری اطلاعات عبدالخالق کاکڑ نے انجام دیے۔ تعزیتی ریفرنس میں سندھ کی مختلف قومی، سیاسی، جمہوری اور ترقی پسند جماعتوں کے رہنماؤں اور کارکنوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور شہید عثمان خان کاکڑ کی قومی و جمہوری خدمات، اصولی جدوجہد اور قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔

