بھارت کی ریاست اتر پردیش کے گریٹر نوئیڈا میں یمنا ایکسپریس وے پر ایک سلیپر بس میں خوفناک آگ بھڑکنے سے خاتون سمیت 9 مسافر ہلاک اور متعدد افراد زخمی ہوگئے۔
پولیس کے مطابق بس میں تقریباً 35 مسافر سوار تھے اور حادثے کے وقت بیشتر مسافر سو رہے تھے۔
حادثہ بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب تقریباً 11 بجے جیور کے علاقے میں پیش آیا۔ بس نوئیڈا سے اتر پردیش کے شہر مہوبا جارہی تھی کہ اچانک اس میں آگ لگ گئی۔ آگ نے انتہائی تیزی سے پوری بس کو اپنی لپیٹ میں لے لیا، جس کے باعث کئی مسافر اندر پھنس گئے۔
ابتدائی پولیس تحقیقات کے مطابق بس کے ایئر کنڈیشننگ سسٹم میں چنگاری یا دھماکے کے بعد انجن کا لبریکینٹنگ آئل آگ کی زد میں آیا، جس سے شعلے تیزی سے پھیل گئے۔ حکام نے کہا ہے کہ آگ لگنے کی حتمی وجہ کا تعین کرنے کیلئے مزید تحقیقات جاری ہیں۔
حادثے کے وقت زیادہ تر مسافر سو رہے تھے۔ آگ اور دھوئیں کا علم ہونے پر متعدد افراد نے دروازے اور کھڑکیوں سے نکل کر اپنی جان بچانے کی کوشش کی۔ بعض مسافروں کو ریسکیو اہلکاروں نے بحفاظت باہر نکالا، جبکہ پولیس کے مطابق تقریباً 20 مسافر محفوظ طور پر بچا لیے گئے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ، پولیس اور امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور کئی فائر ٹینڈرز کی مدد سے آگ پر قابو پایا گیا۔ زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا گیا جبکہ ہلاک ہونے والوں کی لاشیں پوسٹ مارٹم کیلئے بھجوا دی گئیں۔
پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہیں، جبکہ تازہ اطلاعات کے مطابق بس کے ڈرائیور اور کنڈکٹر کو بھی حراست میں لیا گیا ہے۔ حادثے کے بعد بسوں، خصوصاً سلیپر کوچز، میں حفاظتی انتظامات سے متعلق سوالات بھی اٹھ رہے ہیں۔

