آسان خدمت مراکز؛ سرکاری کاموں کیلیے دفاتر کے چکر ختم ہونے چاہییں، وزیراعظم

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے آسان خدمت مراکز بڑھانے کی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ سرکاری کاموں کے لیے دفاتر کے چکر ختم ہونے چاہییں۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت پاکستان آسان خدمت سینٹر کی کارکردگی، توسیع اور ملک کے مختلف علاقوں میں نئے آسان خدمت مراکز کے قیام سے متعلق اجلاس ہوا، جس میں وزیراعظم نے شہریوں کو دہلیز پر تیز، شفاف اور معیاری خدمات فراہم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ عوام کو سرکاری خدمات کے حصول کے لیے دفاتر کے چکر لگانے کی ضرورت نہیں ہونی چاہیے۔ آسان خدمت مراکز کے ذریعے شہریوں کو ایک ہی چھت تلے متعدد سرکاری خدمات کی بروقت فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

شہباز شریف نے پاکستان آسان خدمت سینٹر میں مختلف سہولیات کی فراہمی کے وقت میں مزید کمی لانے اور اسلام آباد میں موجود پاکستان آسان خدمت سینٹر کی توسیع کا عمل تیز کرنے کی ہدایت کی۔

وزیراعظم نے اسلام آباد آسان خدمت مرکز میں شہریوں کی ضرورت کے مطابق مختلف کاؤنٹرز پر عملے کی تعداد بڑھانے کی ہدایت بھی کی۔ انہوں نے مرکز کی تیسرے فریق سے کرائی گئی کارکردگی کی آڈٹ رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا۔

وزیراعظم نے مظفرآباد، گلگت اور اسکردو میں آسان خدمت مراکز پر جاری کام تیز کرکے ان سینٹرز کو جلد فعال کرنے کی ہدایت کی۔

شہباز شریف نے پشاور اور بنوں میں آسان خدمت مراکز کے قیام کے لیے فوری اقدامات شروع کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ دونوں شہروں میں موجود وفاقی عمارتوں میں مراکز کے قیام کا جامع منصوبہ جلد از جلد پیش کیا جائے۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ نجی شعبے کے ساتھ مل کر ملک کے دیگر علاقوں میں بھی پاکستان آسان خدمت مراکز قائم کیے جائیں۔

اجلاس میں وزیراعظم کو اسلام آباد میں پاکستان آسان خدمت سینٹر کی بریفنگ بھی دی گئی۔ اجلاس میں وفاقی وزرا ڈاکٹر مصدق مسعود ملک، احد خان چیمہ، عطا اللہ تارڑ، شزا فاطمہ خواجہ، طارق فضل چوہدری اور متعلقہ اداروں کے اعلیٰ افسران شریک تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں