وزارت خزانہ میں ٹیکس وکیل اور تجزیہ کاروں کی بھرتیوں کے لیے درخواستیں طلب

اسلام آباد: حکومت نے وزارت خزانہ میں قائم ٹیکس پالیسی آفس کے لیے ٹیکس وکیل کی ایک اور پرسنل انکم ٹیکس کے تجزیہ کار کی اسامیوں سمیت مجموعی طور پر 4 اسامیوں کا اعلان کر دیا۔
اس حوالے سے خزانہ ڈویژن کی جانب سے ان اعلان کردہ اسامیوں پر بھرتیوں کے لیے خواہشمند امیدواروں سے درخواستیں طلب کرلی گئی ہیں۔

وزارت خزانہ کے مطابق ٹیکس وکیل اور پرسنل انکم ٹیکس کے تجزیہ کار کی اسامیاں ایس پی پی ایس تھری اسکیل میں ہیں۔ ٹیکس وکیل کی اسامی کے لیے ایچ ای سی سے تسلیم شدہ یونیورسٹی سے ایل ایل ایم، ترجیحاً ٹیکس کے شعبے میں اور مالیاتی قوانین کی ڈرافٹنگ، جانچ پڑتال یا تشریح سمیت فعال قانونی پریکٹس کا کم از کم 10 سال کا تجربہ درکار ہے۔

پرسنل انکم ٹیکس کے تجزیہ کار کی اسامیوں کے لیے سی اے، سی ایف اے، سی ایم اے، اے سی سی اے، ایل ایل بی یا مساوی غیر ملکی قابلیت، یا آڈٹنگ، اکاوٴنٹنگ اور ٹیکسیشن میں 4 سالہ بی ایس یا ایم کام کی ڈگری رکھنے والے امیدوار اہل ہوں گے جبکہ ٹیکس کے شعبے میں تعلیم مکمل کرنے کے بعد کم از کم 10 سال کا تجربہ ضروری ہے۔

ان اسامیوں کے لیے ملازمت کی تفصیلات، مطلوبہ قابلیت اور تجربے کی مزید معلومات فنانس ڈویژن کی ویب سائٹ پر دستیاب ہیں دلچسپی رکھنے والے امیدواروں کو یکم نومبر 2026 تک نیشنل جابز پورٹل کے ذریعے آن لائن درخواستیں جمع کرانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

نامکمل درخواستوں، مطلوبہ قابلیت سے مطابقت نہ رکھنے والی درخواستوں اور مقررہ تاریخ کے بعد موصول ہونے والی درخواستوں پر غور نہیں کیا جائے گا جبکہ مقررہ معیار پر پورا اترنے والے شارٹ لسٹ امیدواروں کو انٹرویو کے لیے بلایا جائے گا۔

انٹرویو میں شرکت کے لیے ٹی اے اور ڈی اے نہیں دیا جائے گا۔ فنانس ڈویژن نے بھرتی کا عمل کسی بھی وقت بغیر وجہ بتائے منسوخ کرنے کا حق بھی محفوظ رکھا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں