عماد وسیم، بابر اعظم پر ہونے والی تنقید کے دفاع میں بول پڑے

پاکستان کے سابق آل راؤنڈر عماد وسیم نے اسٹار بیٹر بابر اعظم پر ہونے والی تنقید پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی سابقہ کامیابیوں اور قومی کرکٹ کے لیے خدمات کو نظرانداز نہیں کرنا چاہیے۔

پاکستان نے انگلینڈ اور سری لنکا کے خلاف ون ڈے ٹرائی نیشن سیریز جیت لی، تاہم بابر اعظم کی بیٹنگ فارم بدستور تنقید کی زد میں ہے۔ سری لنکا کے خلاف فائنل میں وہ صرف 5 گیندوں پر بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوگئے تھے، تاہم فخر زمان کی شاندار 127 رنز کی اننگز کی بدولت پاکستان نے 3 وکٹوں سے کامیابی حاصل کی۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے پیغام میں عماد وسیم نے بابر اعظم کو سپر اسٹار اور پاکستان کے بہترین ون ڈے بیٹرز میں سے ایک قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ تقریباً ایک دہائی کی مسلسل کارکردگی اور کامیابیوں کو مشکل وقت کی وجہ سے فراموش نہیں کرنا چاہیے۔

عماد وسیم نے واضح کیا کہ بابر کی فارم پر سوال اٹھانا، ان کی تکنیک کا تجزیہ کرنا اور کارکردگی پر بحث کرنا درست ہے کیونکہ کوئی بھی کھلاڑی تنقید سے بالاتر نہیں۔ تاہم انہوں نے ذاتی مقاصد، حسد اور کردار کشی کو کرکٹ تجزیے کا نام دینے پر تنقید کی۔

ان کا کہنا تھا کہ بابر کی کمزوریوں کی نشاندہی کے ساتھ بہتری کے لیے تعمیری تجاویز بھی دی جانی چاہئیں۔ پاکستان کرکٹ کو اپنے بڑے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کرنی چاہیے، نہ کہ مشکل وقت میں انہیں تنقید کا نشانہ بنا کر ان کی سابقہ کامیابیاں بھلا دی جائیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں