لاہور: لاہور میں کاؤنٹر ٹیررزم ڈپارٹمنٹ کے ہیڈ کوارٹرز کی عمارت سے سرویلنس ڈرون ٹکرا گیا۔
پولیس کے مطابق یہ واقعہ گزشتہ شب 12 بج کر 30 منٹ پر پیش آیا، جس سے سی ٹی ڈی ہیڈکوارٹرز میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ سرویلنس ڈرون جلو موڑ کی طرف سے سی ٹی ڈی ہیڈ کوارٹرز کی جانب آیا۔
حکام نے بتایا کہ جدید ساختہ سرویلنس ڈرون ہیڈکوارٹرز کی بیرونی دیوار سے ٹکرانے کے بعد نیچے گر گیا۔ ڈرون کی مدد سے سی ٹی ڈی ہیڈکوارٹرز کے اندرونی حصوں کی ریکی جاری تھی
سی ٹی ڈی ہیڈکوارٹرز کی سکیورٹی ٹیم نے سرویلنس ڈرون قبضے میں لے لیا اور اس وقت ڈرون کے ساتھ منسلک کیمروں اور بیٹری کی لائٹس آپریشنل تھیں۔ بعد ازاں بم ڈسپوزل اسکواڈ نے ڈرون کے معائنے کے بعد کلیئرنس دی۔
پولیس کے مطابق نامعلوم ملزمان نے دہشت گردی کی نیت سے سی ٹی ڈی ہیڈکوارٹرز کی جانب ڈرون بھیجا۔
حکام کا کہنا ہے کہ معاملے کی تمام پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں۔ سی ٹی ڈی ہیڈکوارٹرز کی سکیورٹی نے تھانہ ہربنس پورہ میں کارروائی کے لیے درخواست جمع کرادی ہے۔

