افغانستان منشیات اسمگلنگ کے عالمی نیٹ ورکس کی آماجگاہ بن گیا ہے، جس کی وجہ سے پڑوسی ممالک کو سنگین خطرات لاحق ہو رہے ہیں۔
افغانستان سے منشیات اسمگلنگ کی ایک اور کوشش ناکام بنا دی گئی ہے۔ تاجکستان میں منشیات اسمگلنگ کے عالمی نیٹ ورک کے 9 کارندے گرفتار کر لیے گئے۔
تاجک جریدے ایشیا پلس کے مطابق تاجک سرحدی فورسز نے کارروائی کے دوران افغانستان سے اسمگل شدہ 24 کلوگرام چرس برآمد کی۔ گرفتار افراد افغانستان سے منشیات اسمگل کرکے دیگر ممالک پہنچانے والے بین الاقوامی نیٹ ورک کے کارندے ہیں۔
ایشیا پلس کے مطابق نیٹ ورک کے سرغنہ مظفر اعظموف نے 2025 سے اب تک 20 سے 25 کارروائیوں میں 550 سے 600 کلوگرام چرس اسمگل کرنے کا اعتراف کیا ہے۔ نیٹ ورک کے ارکان کو منشیات کی ہر کھیپ سرحد پار پہنچانے کے عوض 2500 ڈالر دیے جاتے تھے۔
تاجکستان کے ادارۂ انسدادِ منشیات کے مطابق رواں سال کے پہلے 6 ماہ میں صرف افغان تاجک سرحد پر ڈیڑھ ہزار کلوگرام سے زائد منشیات ضبط کی جا چکی ہیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ افغانستان سے منشیات اسمگلنگ کے واقعات کے باعث پڑوسی ممالک کو سنگین خطرات لاحق ہیں۔

