دوسرے آل پاکستان وزیراعلیٰ بلوچستان کرکٹ گولڈ کپ، افتتاحی میچ (آج) کوئٹہ ریجن اور پشاور کے درمیان کھیلا جائیگا

کوئٹہ(این این آئی) دوسرے آل پاکستان وزیراعلیٰ بلوچستان کرکٹ گولڈ کپ کا افتتاحی میچ آج (پیر) کوکوئٹہ ریجن اور پشاور کے درمیان بگٹی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا،ٹورنامنٹ کے تمام تر انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں اور ٹورنامنٹ میں حصہ لینے والی ٹیمیں کوئٹہ پہنچ چکی ہیں۔یہ بات سیکرٹری کھیل درا بلوچ نے اتوار کو ڈی جی سپورٹس یاسر بازئی وردیگر کے ہمراہ بگٹی کرکٹ اسٹیڈیم کے دورے کے دوران بات چیت کرتے ہوئے کہی ا س موقع پر محکمہ کھیل کے افسران نے سیکرٹری کھیل درا بلوچ اور ڈی جی یاسر بازئی کو ٹورنامنٹ کے انتظامات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔انہیں بتایا گیا کہ دوسرے آل پاکستان وزیراعلیٰ بلوچستان کرکٹ گولڈ کپ کا افتتاحی میچ آج (پیر) کوشام 7بجے کوئٹہ ریجن اور پشاور کے درمیان بگٹی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا افتتاحی تقریب کا آغاز رنگا رنگ تقریب سے ہوگا تقریب میں میوزیکل شو بھی ہوگا جس میں ملک بھر سے آئے ہوئے گلوکار اپنے فن کا مظاہرہ کریں گے۔ بریفنگ میں بتایا کہ ٹورنامنٹ میں پورے پاکستان سے 27ٹیمیں حصہ لیں گی جن میں 16ریجنل ٹیمیں ہونگی ٹورنامنٹ یکم ستمبر سے 14ستمبر تک جاری رہے گا۔ سیکرٹری کھیل درا بلوچ نے اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ دوسرے آل پاکستان وزیراعلیٰ بلوچستان کرکٹ گولڈ کپ میں حصہ لینے والی ٹیموں اورکھلاڑیوں کو ہرممکن سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے اس سلسلے میں کسی بھی قسم کی کوتاہی یا غفلت کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ کھیل بلوچستان وزیراعلیٰ میرسرفرازبگٹی اور مشیر کھیل مینامجید کی خصوصی ہدایات پر نوجوانوں کو کھیلوں کے مواقع فراہم کرنے کیلئے مختلف ٹورنامنٹ کا انعقاد کرا رہا ہے کرکٹ گولڈکپ بھی اسی سلسلے کی کڑی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں