لاہور(این این آئی) پنجاب ریو نیو اتھارٹی کے انفورسمنٹ آفیسرز نے لاہور اور ساہیوال کے مختلف علاقوں میں میرج ہالز، مارکیز، کیفے اور فاسٹ فوڈ چینز سمیت 14 مقامات کو نوٹس جاری کر دئیے۔ترجمان کے مطابق ای آئی ایم ایس سسٹم استعمال نہ کرنے پر وارننگ نوٹسز جاری کیے گئے،انفورسمنٹ افسران نے متعدد فوڈ پوائنٹس کی رسیدوں کا ریکارڈ بھی چیک کیا۔ ترجمان کے مطابق کمشنر ملتان ڈویژن کی ایف بی آر افسران اور شادی ہال،مارکیز نمائندگان کے ساتھ میٹنگ کر کے سروسز ٹیکس کی وصولی میں ایف بی آر اور پنجاب ریونیو اتھارٹی کے ٹیکسز محصول پر مشاورت کی گئی۔کاروباری افراد کو سہولیات کی فراہمی اور ٹیکس سسٹم میں شفافیت یقینی بنائی جارہی ہے۔ ترجمان نے کہا کہ صارفین سے سروسز کی مد میں ٹیکسز وصولی کے باوجود سرکاری خزانے میں جمع نہ کروانا جرم ہے۔انوائس مانیٹرنگ سسٹم کا استعمال نہ کرنے والے بزنس آپریٹرز کو بھی آگاہی دی جارہی ہے۔

