زندگی کے گنجلک لمحات اور معاشرتی حقیقتیں

تحریر زاہد جان سینئر ماہر تعلیم

زندگی کے لمحات کبھی خوشی اور سکون کے رنگ بکھیرتے ہیں اور کبھی غم و اضطراب کی دھند میں لپٹ جاتے ہیں۔ یہ لمحے انسان کو سوچنے پر مجبور کرتے ہیں کہ آیا وقت لمحوں میں سمٹتا ہے یا لمحے وقت کے وسیع دائرے میں گم ہو جاتے ہیں۔ شعور، عقل اور دانش جب ان لمحات کا تجزیہ کرتے ہیں تو معاشرتی تضادات اور انسانی رویوں کی تلخ حقیقتیں سامنے آتی ہیں۔
پاکستان جیسے معاشرتی نظام میں ایک عام شہری کی زندگی مشکلات کا شکار ہے۔ حکمرانوں کے بنائے ہوئے قوانین عوامی مسائل کو حل کرنے کے بجائے مزید پیچیدہ بنا دیتے ہیں۔ جان و مال کا تحفظ ناپید ہے، تعلیم اور صحت کی سہولتیں محدود ہیں، صفائی اور بنیادی ڈھانچے کی کمی ہے، جبکہ مہنگائی، بجلی اور گیس کی قلت نے عوامی زندگی کو اجیرن بنا دیا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ دہشت گردی، تیزاب گردی اور غنڈہ گردی جیسے مسائل روز بروز بڑھتے جا رہے ہیں۔
طاقت، عزت اور غیرت کا سرچشمہ دولت بن چکا ہے۔ اخلاقیات اور انسانیت کا فقدان ہے۔ مذہب کے نام پر تقسیم اور گروہی اختلافات نے معاشرے کو ٹکڑوں میں بانٹ دیا ہے۔ ہر روز نئی بیماریوں کا اضافہ ہو رہا ہے، جبکہ بھیک مانگنے والے اور لینے والے زیادہ اور دینے والے کم ہوتے جا رہے ہیں۔ معاشرے میں منفی رویوں کا اضافہ اور مثبت رویوں کا فقدان اصل روحِ اسلام سے دوری کی نشانی ہے۔
ہر شخص عالم، ڈاکٹر، استاد اور لیڈر بننے کی کوشش میں ہے، مگر شاگردی اور پیروی کا جذبہ ختم ہو چکا ہے۔ عاجزی، سکون اور اطمینان ناپید ہیں، جبکہ منافقت، بدنیتی، غیبت اور تکبر عروج پر ہیں۔ یہ سب حالات زندگی کو کبھی نہایت پیچیدہ اور کبھی نہایت سادہ دکھاتے ہیں۔
اگر ہر شخص ایمانداری اور دیانتداری کے ساتھ اپنا محاسبہ کرے اور اپنے حصے کا کام ادا کرے تو شاید زندگی آسان ہو جائے۔ معاشرتی اصلاح کا آغاز فرد سے ہوتا ہے، اور جب فرد اپنی ذمہ داری نبھاتا ہے تو معاشرہ بھی درست سمت میں بڑھنے لگتا ہے۔
زندگی کے گنجلک لمحات ہمیں یہ سبق دیتے ہیں کہ اصل تبدیلی اجتماعی سطح پر نہیں بلکہ انفرادی سطح پر شروع ہوتی ہے۔ جب ہر شخص اپنی ذات کو درست کرے، اپنے رویوں میں مثبت تبدیلی لائے اور دوسروں کے حقوق کا خیال رکھے، تبھی معاشرہ سکون، انصاف اور ترقی کی راہ پر گامزن ہو سکتا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں