کوئٹہ(این این آئی) بلوچستان کے کم آمدنی والے گھرانوں، نوجوانوں اور چھوٹے کاروباری اداروں کے لئے اچھی خبر ہے کہ صوبائی حکومت نے انہیں اخوت کے ذریعے بلاسود قرضے دینے کا فیصلہ کرلیا ہے،مالی معاونت کے اقدامات کے لیے 6 ارب کی رقم بھی مختص کی گئی ہے۔یہ بات سیکرٹری خزانہ بلوچستان جہانگیر کاکڑ نے نجی ٹی وی کو بتائی۔جہانگیر کاکڑ نے بتایا کہ بلوچستان حکومت نے اخوت کے اشتراک اسلامک مائیکرو فنانس کے اشتراک سے صوبے میں بلاسود مالی معاونت کے تین بڑے پروگراموں کا آغاز کردیا ہے،مالی معاونت کے اقدامات کے لیے 6 ارب کی رقم رکھی گئی ہے۔سیکرٹری خزانہ نے بتایا کہ بلاسود مالی معاونت پروگرام کے تحت لائیواسٹاک، ماہی گیری،کان کنی اور دیگر چھوٹے کاروباری شعبوں کیلئے5 لاکھ تک بلاسود قرضہ ملے گا جس کی واپسی پانچ سال میں ہوگی،،نیا گھر یا اضافی کمروں کی تعمیر کیلئے 20لاکھ روپے کا بلاسود قرضہ دیا جائے گا،قرضہ کی واپسی کی مدت دس برس ہوگی جس سے تقریبا 3733خاندان مستفید ہوں گے،سولر سسٹم کی تنصیب کیلئے بھی پانچ لاکھ روپے کا بلا سود قرضہ دیا جائے گا،جو سات سال کی مدت میں اقساط میں واپس لیا جائے گا۔

