صحت مند، خوشحال بلوچستان ہمارا خواب،تعبیر کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں،صوبائی وزیر صحت بخت کاکڑ

کوئٹہ(این این آئی) بلوچستان نے حفاظتی ٹیکہ جات کی کوریج کے شعبے میں نمایاں پیش رفت حاصل کرلی۔ آغا خان یونیورسٹی کے آزادانہ سروے TPVICS راؤنڈ 3 کے مطابق بلوچستان میں حفاظتی ٹیکہ جات کی کوریج 56.6 فیصد تک پہنچ گئی ہے، جو ماضی کے مقابلے میں 19 فیصد اضافہ ہے۔محکمہ صحت بلوچستان کے مطابق حفاظتی ٹیکہ جات کی کوریج میں یہ نمایاں بہتری محکمہ صحت بلوچستان اور ای پی آئی (Expanded Programme on Immunization) کی مشترکہ اور مسلسل کاوشوں کا نتیجہ ہے۔ اس کامیابی سے صوبے میں بچوں کو مختلف بیماریوں سے محفوظ بنانے کے لیے جاری حکومتی اقدامات کے مؤثر ہونے کی عکاسی ہوتی ہے۔صوبائی وزیر صحت بخت محمد کاکڑ نے حفاظتی ٹیکہ جات کی کوریج میں نمایاں اضافے پر محکمہ صحت بلوچستان اور ای پی آئی کی ٹیموں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے اطمینان کا اظہار کیا ہے۔اپنے بیان میں صوبائی وزیر صحت نے کہا کہ صحت مند اور خوشحال بلوچستان ہمارا خواب ہے، جس کی تعبیر کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ حکومت بچوں اور عوام کو صحت کی بنیادی سہولیات کی فراہمی اور انہیں قابلِ علاج بیماریوں سے محفوظ بنانے کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔بخت محمد کاکڑ نے کہا کہ ہم نے عہد کر رکھا ہے کہ اپنے مستقبل کو محفوظ بنائیں گے اور اپنی نئی نسل کو صحت مند، توانا اور اس ملک و قوم کے لیے سودمند بنائیں گے۔ حفاظتی ٹیکہ جات کی کوریج میں بہتری اسی عزم کی عملی تصویر ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ بلوچستان میں حفاظتی ٹیکہ جات کے شعبے میں حاصل ہونے والی پیش رفت وزیراعلیٰ بلوچستان کی مضبوط قیادت، بہتر حکمرانی، مؤثر نگرانی اور شعبہ صحت کے لیے اضافی وسائل کی فراہمی کے باعث ممکن ہوئی ہے۔صوبائی وزیر صحت نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حفاظتی ٹیکہ جات کی کوریج کو مزید بہتر بنانے، دور دراز علاقوں تک صحت کی سہولیات پہنچانے اور بچوں کو موذی بیماریوں سے محفوظ رکھنے کے لیے اقدامات کا سلسلہ مزید تیز کیا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں