مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کی جانب میلی آنکھ سے دیکھنے اور ان کے تقدس کو پامال کرنے کی ہر کوشش پوری امت مسلمہ کے خلاف اقدام تصور کی جائے گی،مولانا عبدالرحمن رفیق

کوئٹہ (این این آئی)جمعیت علماء اسلام ضلع کوئٹہ کے امیر مولانا عبدالرحمن رفیق، سیکرٹری جنرل حاجی عین اللہ شمس، سینئر نائب امیر مولانا خورشید احمد، مولانا محب اللہ، مولانا محمد ایوب، شیخ مولانا عبدالاحد محمد حسنی، مولانا سعید احمد، حافظ سراج الدین، مفتی محمد روزی خان بادیزئی، مولانا محمد شعیب جدون، رحیم الدین ایڈووکیٹ اور مولانا محمد عارف شمشیر نے کہا ہے کہ حرمین الشریفین پوری امتِ مسلمہ کے مقدس ترین مراکز اور مسلمانوں کی مشترکہ متاع ہیں ان کی حرمت و تقدس کا تحفظ ہر کلمہ گو مسلمان کے ایمان اور دینی غیرت کا تقاضا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کی جانب میلی آنکھ سے دیکھنے اور ان کے تقدس کو پامال کرنے کی ہر کوشش پوری امتِ مسلمہ کے خلاف اقدام تصور کی جائے گی۔ حرمین الشریفین کے امن حرمت اور تقدس پر کسی بھی قسم کی جارحیت ناقابلِ قبول ہے اور مسلمان اپنے مقدس مقامات کے تحفظ کے حوالے سے کسی مصلحت یا کمزوری کا مظاہرہ نہیں کرسکتے۔ انہوں نے کہا کہ مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ پر حملے کی منصوبہ بندی یا اس کی پشت پناہی کرنے والے عناصر کو امتِ مسلمہ کا خیرخواہ قرار نہیں دیا جاسکتا۔ تاریخ گواہ ہے کہ بیت اللہ کی حرمت کو پامال کرنے کی جس نے بھی کوشش کی وہ اپنے انجام سے نہ بچ سکا۔ اگر آج کے دور کے کسی ”ابراہہ“ نے سرزمینِ حرمین کی طرف پیش قدمی یا جارحیت کا راستہ اختیار کیا تو اسے تاریخ کے اس انجام سے سبق حاصل کرنا چاہیے۔ جمعیت علماء اسلام ضلع کوئٹہ کے رہنماؤں نے کہا کہ حرمین الشریفین کا امن و تحفظ پوری امتِ مسلمہ کی مشترکہ ذمہ داری ہے اور عالمِ اسلام کو مقدس مقامات کے تحفظ ان کی حرمت کی پاسداری اور کسی بھی جارحانہ عزائم کے سدباب کے لیے یک زبان اور متحد ہو کر اپنا دینی و ملی کردار ادا کرنا ہوگا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں