کوئٹہ(این این آئی) اکیڈمک سٹاف ایسوسی ایشن جامعہ بلوچستان کے کابینہ نے جامعہ بلوچستان کے سال 2020 سے ریٹائر ہونے والے اساتذہ و ملازمین کے پنشن، کمیوٹیشن اور لیو انکیشمنٹ کے واجبات کی ادائیگی کے لیے صوبائی حکومت کی جانب سے 52 کروڑ روپے جامعہ بلوچستان کے اکاؤنٹ میں منتقل کیے جانے پر اطمینان اور خوشی کا اظہار کیا ہے۔اے ایس اے نے کہا کہ یہ اہم پیش رفت اکیڈمک سٹاف ایسوسی ایشن، ایمپلائز و آفیسرز ایسوسی ایشن کی طویل اور صبر آزما جدوجہد، وائس چانسلر کی مسلسل کاوشوں اور چانسلر کی رہنمائی کے نتیجے میں ممکن ہوئی۔ ایسوسی ایشن نے اس اقدام پر صوبائی حکومت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے تمام ریٹائرڈ اساتذہ و ملازمین کو مبارکباد پیش کی۔بیان میں اساتذہ کی خالی آسامیوں کی تشہیر کے حوالے سے بلا وجہ تاخیر پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا گیا کہ اسسٹنٹ پروفیسر، ایسوسی ایٹ پروفیسر اور پروفیسر کی خالی اسامیاں جلد مشتہر کی جائیں۔ اے ایس اے نے پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کی جانب سے یوٹیلٹی الاؤنس کی منظوری کو بھی خوش آئند قرار دیا گیا۔اے ایس اے قیادت نے واضح کیا کہ اساتذہ و ملازمین کے حقوق اور فلاح و بہبود کے لیے جدوجہد جاری رہے گی۔ اردلی الاؤنس کی بحالی، یونیورسٹی کالونی میں مینٹیننس اور دیگر بنیادی مسائل کے حل کے لیے بھی بھرپور کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔اے ایس اے نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ جامعہ بلوچستان کی بہتری، اساتذہ و ملازمین کے جائز حقوق کے تحفظ اور ادارے کی ترقی کے لیے دیگر ایسوسی ایشنز کے ساتھ مل کر مثبت اور تعمیری انداز میں کام جاری رکھے گی۔

