وائس چانسلر جامعہ تربت کی زیر صدارت اہم اجلاس

تربت (این این آئی) خطے میں اعلی تعلیم و تحقیق کے فروغ اور یونیورسٹی کے تمام امور کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ بنانے کے لیے جامعہ تربت کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر گل حسن کی زیر صدارت تمام تدریسی و انتظامی سربراہان کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں اسپرنگ 2027 کے نئے تعلیمی سیشن کے داخلوں، اسمارٹ آن لائن ایڈمیشن سسٹم اور امیدواروں کے لیے دستیاب سہولیات کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کے آغاز میں رجسٹرار گنگزار بلوچ نے داخلوں کی تفصیلات کے بارے میں مفصل بریفنگ دی۔ اس کے بعد وائس چانسلر نے ادارے کے تعلیمی معیار کو برقرار رکھنے پر زور دیتے ہوئے تمام شعبہ جات کو ہدایت کی کہ داخلہ عمل کو مزید بہتر و آسان بنایا جائے، اور دور افتادہ علاقوں سے تعلق رکھنے والے باصلاحیت نوجوانوں کو یونیورسٹی کے تعلیمی پروگراموں تک رسائی فراہم کرنے کے لیے خصوصی اقدامات کیے جائیں، تاکہ وہ اعلی تعلیم حاصل کر کے ملک و قوم کی خدمت کر سکیں۔ اسی تناظر میں وائس چانسلر نے آن لائن پورٹل کے ذریعے درخواستیں جمع کرانے کے دوران پیش آنے والے تکنیکی مسائل کو بھی ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی ہدایت دی۔ اجلاس کے دوران پروفیسر ڈاکٹر گل حسن نے اپنے حالیہ دور? کوئٹہ کے دوران یونیورسٹیز فنانس کمیشن کے اجلاس، اور گورنر بلوچستان، صوبائی وزیر تعلیم و سیکرٹری تعلیم سے ہونے والی ملاقاتوں کی تفصیلات سے بھی شرکاء کو آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ ان ملاقاتوں میں ادارے کے مالی استحکام، ای گورننس اور انتظامی امور کی مکمل آٹومیشن کے علاوہ یونیورسٹی کی خالی آسامیوں کو مستقل بنیادوں پر پر کرنے کے حوالے سے مثبت گفتگو ہوئی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں