اوتھل (این این آئی) لسبیلہ کے ضلعی ہیڈکوارٹر اوتھل میں زیرو پوائنٹ کے قریب ایرانی پیٹرول لے جانے والی موٹرسائیکل میں اچانک آگ بھڑک اٹھی، جس کے نتیجے میں موٹرسائیکل مکمل طور پر جل کر خاکستر ہوگئی جبکہ موٹرسائیکل سوار شدید جھلس گیا۔ذرائع کے مطابق موٹر سائیکل سوار ایرانی پیٹرول لے کر زیرو پوائنٹ کے قریب پہنچا تو اچانک موٹرسائیکل میں آگ لگ گئی۔ دیکھتے ہی دیکھتے آگ نے پوری موٹرسائیکل کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ موٹرسائیکل سوار آگ کی زد میں آکر شدید جھلس گیا۔جسے فوری طور پر ڈی ایچ کیو ہسپتال اوتھل منتقل کردیا گیا۔ زخمی کی شناخت فوری طور پر معلوم نہیں ہوسکی۔وقعے کے باعث کوئٹہ کراچی قومی شاہراہ پر کچھ دیر کے لیے ٹریفک کی روانی متاثر رہی۔ اطلاع ملنے پر میونسپل کمیٹی اوتھل کی فائر بریگیڈ کا عملہ گاڑی سمیت موقع پر پہنچا اور آگ بجھانے کی کارروائی کرتے ہوئے آگ پر قابو پالیا۔پولیس بھی اطلاع ملتے ہی جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور واقعے کی تحقیقات شروع کردی۔ ابتدائی طور پر آگ لگنے کی وجہ موٹرسائیکل میں ممکنہ تکنیکی خرابی یا پیٹرول کے اخراج کو قرار دیا جارہا ہے، تاہم حتمی وجہ تحقیقات مکمل ہونے کے بعد ہی سامنے آسکے گی۔واقعے کے بعد مقامی شہریوں میں تشویش پائی جاتی ہے۔ شہریوں نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ موٹر سائیکل پر ایرانی پٹرول کی اسمگلنگ کی روک تھام کی جائے تاکہ قیمتی انسانی جانوں کو محفوظ رکھا جاسکے۔

