معصوم اور محنت کش مزدوروں کو نشانہ بنانا دہشت گردوں کی سفاکیت اور بزدلی کا ثبوت ہے،شاہد رند

کوئٹہ(این این آئی)معاون وزیر اعلیٰ بلوچستان برائے اطلاعات و سیاسی امور شاہد رند نے ضلع پشین کے علاقے سرانان بازار میں سڑک کی تعمیر میں مصروف مزدوروں پر دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے واقعے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔شاہد رند نے کہا کہ معصوم اور محنت کش مزدوروں کو نشانہ بنانا دہشت گردوں کی سفاکیت اور بزدلی کا ثبوت ہے۔ دہشت گردی کی اس کارروائی کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔انہوں نے کہا کہ دہشت گرد عناصر بلوچستان کے امن، ترقی اور عوام کے حوصلوں کو متزلزل نہیں کرسکتے۔ محنت کش مزدور اپنے روزگار اور صوبے کی تعمیر و ترقی کے لیے کام کر رہے تھے، انہیں نشانہ بنانا انسانیت کے خلاف سنگین جرم ہے۔معاون وزیر اعلیٰ نے شہید مزدوروں کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہداء کے درجات بلند فرمائے اور سوگوار خاندانوں کو صبر جمیل عطا کرے۔ انہوں نے زخمی مزدور کی جلد صحتیابی کے لیے بھی دعا کی۔شاہد رند نے کہا کہ واقعے میں ملوث عناصر کو ہر صورت قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا اور دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں مزید مؤثر بنائی جائیں گی۔ ریاستی ادارے عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے پوری طرح متحرک ہیں اور دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک جنگ جاری رہے گی۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے عوام نے دہشت گردی کے خلاف بے شمار قربانیاں دی ہیں اور صوبے میں امن و ترقی کے سفر کو کسی صورت متاثر نہیں ہونے دیا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں