اوستہ محمد میں کھلی کچہری، شہریوں نے پانی، بجلی، صحت اور دیگر مسائل پیش کردیے

اوستہ محمد ( عابدعلی) صوبائی حکومت بلوچستان کی ہدایت پر ڈپٹی کمشنر اوستا محمد محمد رمضان پلال کی قیادت میں گوٹھ غلام نبی جمالی میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا جس میں علاقہ مکینوں نے بڑی تعداد میں شرکت کرکے اپنے دیرینہ اور بنیادی مسائل ضلعی انتظامیہ کے سامنے پیش کیے۔کھلی کچہری میں شہریوں نے صاف پینے کے پانی کی عدم دستیابی بجلی کی فراہمی صحت کی بنیادی سہولیات درختوں کی کٹائی سمیت مختلف عوامی مسائل سے ڈپٹی کمشنر کو آگاہ کیا۔ علاقہ مکینوں کا کہنا تھا کہ بنیادی سہولیات کی عدم دستیابی کے باعث انہیں روزمرہ زندگی میں شدید مشکلات کا سامنا ہے اس لیے ان مسائل کے مستقل حل کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں۔ڈپٹی کمشنر محمد رمضان پلال نے عوامی شکایات اور مسائل کو غور سے سنا اور موقع پر موجود متعلقہ افسران کو ضروری ہدایات جاری کیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت بلوچستان کی پالیسی کے تحت عوامی مسائل ان کی دہلیز پر سننے اور ان کے فوری حل کے لیے کھلی کچہریوں کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔ ضلعی انتظامیہ عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی اور ان کے جائز مسائل کے حل کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔انہوں نے متعلقہ محکموں کے افسران کو ہدایت کی کہ عوام کی جانب سے پیش کیے گئے مسائل پر محض یقین دہانیوں تک محدود نہ رہا جائے بلکہ ان کے حل کے لیے عملی اقدامات اٹھائے جائیں اور پیش رفت سے ضلعی انتظامیہ کو آگاہ کیا جائے۔کھلی کچہری کے دوران متعدد مسائل کو موقع پر ہی متعلقہ محکموں کے ذریعے حل کرنے کے احکامات جاری کیے گئے جبکہ ایسے مسائل جن کے حل کے لیے صوبائی سطح پر منظوری یا اضافی وسائل درکار ہیں انہیں ضروری کارروائی کے لیے اعلیٰ حکام کو ارسال کردیا گیا۔اس موقع پر علاقہ مکینوں نے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے ان کی دہلیز پر کھلی کچہری کے انعقاد کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسے اقدامات سے عوام اور انتظامیہ کے درمیان رابطہ مزید مضبوط ہوتا ہے اور شہریوں کو اپنے مسائل براہِ راست حکام تک پہنچانے کا موقع ملتا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں