خواجہ آصف کا بیان مایوس کن ہے، شرجیل انعام میمن

کراچی (این این آئی)سندھ کے سینئر وزیر اور صوبائی وزیر اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن نے وزیر دفاع خواجہ آصف کے بیان کو مایوس کن قرار دیتے ہوئے وفاقی حکومت سے وضاحت طلب کرلی۔ایک بیان میں شرجیل انعام میمن نے کہا کہ وفاقی حکومت واضح کرے کہ خواجہ آصف کا بیان حکومتی پالیسی ہے یا ان کی ذاتی رائے؟ وفاقی وزراء کی جانب سے صوبے کے خلاف بیان بازی سیاسی جارحیت کے مترادف ہے۔انہوں نے کہا کہ خواجہ آصف سندھ اور پاکستان پیپلز پارٹی کے خلاف بیان بازی سے پہلے تاریخ، آئین اور پارلیمانی ریکارڈ کا مطالعہ کریں۔ پیپلز پارٹی کا مؤقف دو رخی نہیں بلکہ دوٹوک، اصولی اور آئینی ہے۔شرجیل انعام میمن نے کہا کہ پنجاب اسمبلی سرائیکی صوبے کے حق میں دو مرتبہ جبکہ سندھ اسمبلی سندھ کے اندر مزید صوبے بنانے کے خلاف آٹھ مرتبہ قراردادیں منظور کرچکی ہے۔ مسلم لیگ (ن) اپنے اتحادیوں کو خوش کرے، لیکن سندھ کو قربانی کا بکرا بنانے سے گریز کرے۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ وفاق کو مضبوط، آئین کو بالادست اور جمہوری نظام کو مستحکم کرنے کی سیاست کی ہے۔ پاکستان کے وفاق اور جمہوری نظام کو مضبوط بنانے کے لیے پیپلز پارٹی اپنا کردار آئندہ بھی ادا کرتی رہے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں