ہانگ کانگ سکسز کے 22ویں ایڈیشن کا مکمل شیڈول جاری کر دیا گیا ہے جس کے مطابق ٹورنامنٹ کے تمام 25 میچز 30 اکتوبر سے یکم نومبر تک ٹن کوونگ روڈ ریکریشن گراؤنڈ میں کھیلے جائیں گے۔
ایونٹ میں 12 ٹیمیں حصہ لیں گی جنہیں چار گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔ دفاعی چیمپئن پاکستان کو گروپ سی میں روایتی حریف بھارت اور متحدہ عرب امارات کے ساتھ رکھا گیا ہے۔
پاکستان نے گزشتہ سال فائنل میں کویت کو شکست دے کر چھٹی مرتبہ ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔
گروپ اے میں آسٹریلیا، میزبان ہانگ کانگ، چین اور انگلینڈ شامل ہیں، گروپ بی میں بنگلادیش، اسکاٹ لینڈ اور سری لنکا موجود ہیں جبکہ جنوبی افریقا، عمان اور افغانستان گروپ ڈی کا حصہ ہیں۔
پاکستان 30 اکتوبر کو صبح 7 بج کر 35 منٹ پر یو اے ای کے خلاف اپنی مہم شروع کرے گا جبکہ اسی روز صبح 11 بج کر 15 منٹ پر بھارت سے مقابلہ ہوگا۔
31 اکتوبر کو گروپ مرحلے کے باقی میچز اور ناک آؤٹ مرحلہ شروع ہوگا۔
ہر گروپ کی ٹاپ ٹیمیں کپ، دوسرے نمبر کی ٹیمیں پلیٹ جبکہ تیسرے نمبر کی ٹیمیں باؤل سیمی فائنلز میں پہنچیں گی۔
کپ فائنل یکم نومبر کو دوپہر 12:10 بجے کھیلا جائے گا۔

