کوئٹہ: آپریشن ردالفتنہ 3 کے تحت ایف سی بلوچستان اور سیکیورٹی فورسز نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے افغانستان سے اسلحہ اور گولہ بارود اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی، پشین کے علاقے سرانان میں گودام پر چھاپے کے دوران اسلحہ و گولہ بارود سے بھری گاڑی پکڑ لی گئی۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق ضلع پشین میں انٹیلی جنس بنیادوں پر کارروائی کے دوران افغانستان سے اسلحہ اور گولہ بارود منتقل کرنے کا منصوبہ ناکام بنایا گیا۔ کارروائی کے دوران سرانان کے علاقے میں ایک گودام پر چھاپہ مارا گیا، جہاں سے اسلحہ اور گولہ بارود سے بھری گاڑی برآمد ہوئی۔
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ گاڑی سے 3 راکٹ پروپیلڈ گرینیڈز (آر پی جی)، 4 لائٹ مشین گنز، ایک مشین گن، دستی بم، راکٹس اور بھاری مقدار میں گولہ بارود برآمد کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق کارروائی کے بعد علاقے میں دہشت گرد عناصر کی ممکنہ موجودگی کے پیش نظر سرچ آپریشن تاحال جاری ہے، جبکہ اسلحے کی اسمگلنگ کے منصوبے سے متعلق مزید تحقیقات بھی کی جا رہی ہیں۔
سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے بلوچستان میں امن و استحکام کے قیام اور دہشت گردی کے خاتمے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔

