غزہ میں جنگ بندی بھی فلسطینیوں کو نہ بچا سکی، اسرائیلی حملوں میں مزید 5 شہید

غزہ: اسرائیلی فوج کے تازہ فضائی حملوں میں کم از کم 5 فلسطینی شہید ہوگئے۔ غزہ کے محکمہ صحت کے حکام کے مطابق ہفتے کے روز غزہ شہر میں دو الگ الگ حملوں میں فلسطینیوں کی جانیں گئیں۔

طبی عملے نے بتایا کہ غزہ شہر میں پانڈا مال کے قریب اسرائیلی حملے میں 4 فلسطینی شہید ہوئے، جبکہ شہر کے جنوبی حصے میں واقع التفاح محلے میں ایک اور حملے کے نتیجے میں ایک فلسطینی جان سے گیا۔

اسرائیل کا دعویٰ ہے کہ حماس اکتوبر میں ہونے والی جنگ بندی کی خلاف ورزی کرتے ہوئے دوبارہ اسلحہ جمع کر رہی ہے اور حملوں کی تیاری میں مصروف ہے۔ تاہم حماس نے ان الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ حملوں یا اپنے اسلحے کے ذخیرے کی بحالی کی کوشش نہیں کر رہی۔ حماس کا الزام ہے کہ اسرائیل خود غزہ امن معاہدے کو نقصان پہنچا رہا ہے۔

گزشتہ سال امریکا کی ثالثی میں ہونے والے جنگ بندی معاہدے میں غزہ کی تعمیرِ نو کا منصوبہ بھی شامل تھا، لیکن حماس کو غیر مسلح کرنے اور اسرائیلی فوج کے انخلا کی شرائط پر مذاکرات میں اتفاق نہ ہونے کے باعث اس حوالے سے خاطر خواہ پیش رفت نہیں ہوسکی۔

جنگ بندی کے باوجود غزہ پر اسرائیلی فضائی حملے جاری ہیں۔ غزہ کے محکمہ صحت کے حکام کے مطابق جنگ بندی کے بعد سے اب تک کم از کم 1,400 فلسطینی شہید ہوچکے ہیں، جبکہ اسرائیل کا کہنا ہے کہ اس دوران اس کے 4 فوجی بھی ہلاک ہوئے۔

فلسطینی حکام کے مطابق اکتوبر 2023 میں شروع ہونے والی اسرائیلی فوجی کارروائیوں کے نتیجے میں اب تک 74 ہزار سے زائد فلسطینی شہید ہوچکے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں