ٹام کروز کی فلمی خدمات کا اعتراف، امریکن فلم انسٹیٹیوٹ نے بڑا اعلان کردیا

ہالی ووڈ کے معروف اداکار ٹام کروز کو فلمی دنیا میں غیر معمولی خدمات کے اعتراف میں امریکن فلم انسٹیٹیوٹ (اے ایف آئی) کے لائف اچیومنٹ ایوارڈ سے نوازا جائے گا۔

اداکار کو یہ اعزاز 24 اپریل 2027 کو لاس اینجلس کے ڈولبی تھیٹر میں منعقدہ تقریب کے دوران دیا جائے گا۔

امریکن فلم انسٹیٹیوٹ کے بورڈ آف ٹرسٹیز کی چیئرپرسن کیتھلین کینیڈی نے ٹام کروز کو عالمی شہرت یافتہ شخصیت قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ بطور اداکار اور پروڈیوسر اپنے ہر کام میں غیر معمولی لگن کا مظاہرہ کرتے ہیں۔

تقریباً 13 ارب ڈالر کی عالمی باکس آفس کمائی کے ساتھ ٹام کروز کا شمار دنیا کے کامیاب ترین اداکاروں میں ہوتا ہے۔ وہ تین مرتبہ آسکر ایوارڈ کے لیے نامزد بھی ہوچکے ہیں۔

ٹام کروز نے ’جیری میگوائر‘، ’رسکی بزنس‘ اور ’ٹاپ گن‘ سمیت متعدد کامیاب فلموں میں اداکاری کی جبکہ ’مشن امپاسیبل‘ سیریز نے بھی انہیں عالمی سطح پر بے پناہ مقبولیت دلائی۔

64 سال کی عمر میں بھی اداکار فلمی دنیا سے کنارہ کشی کا ارادہ نہیں رکھتے اور اپنے خوابوں کی تکمیل کے لیے مسلسل کام کرنے کے خواہش مند ہیں۔

ان کی حالیہ فلم ’ڈیگر‘ ہے جس کے ہدایت کار الیخاندرو گونزالیز انیاریتو ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں