تربیلا توسیعی پن بجلی منصوبہ؛ کھدائی کے دوران چٹان گرنے سے پانی پاور ہاؤس میں داخل

اسلام آباد: تربیلا پانچویں توسیعی پن بجلی منصوبے پر کنکٹنگ ٹنل کے سیکنڈ بنچ کی کھدائی کے دوران چٹان کا ایک کمزور حصہ گر گیا جس سے پانی ان ٹیک پٹ سے ٹنل اور پاور ہاؤس میں داخل ہوگیا۔
ترجمان واپڈا کے مطابق تمام ورکرز کو فوری طور پر بحفاظت نکال لیا گیا ہے، ان ٹیک پٹ سے پانی مکمل طور پر نکالا جاچکا ہے، زیر تعمیر پاور ہاؤس سے بھی پانی نکالنے کا عمل شروع کیا جا چکا ہے، اس وقت زیریں جانب واقع ورک سائٹس پر مزید پانی داخل نہیں ہورہا، واپڈا کے سینئر آفیسرز، کنسلٹنٹس اور کنٹریکٹر صورت حال کا جائزہ لے رہے ہیں تاکہ پراجیکٹ کو درپیش کسی بھی چیلنج سے نمٹا جا سکے۔

ترجمان واپڈا کے مطابق تربیلا کی ٹنل نمبر 5 منہدم ہونے کی زیر گردش اطلاعات غلط ہیں، پراجیکٹ کی مین ٹنل، زیر تعمیر پاور ہاؤس، ٹیل ریس کلورٹ اور سوئچ یارڈ کو بھی کوئی نقصان نہیں پہنچا تمام ورکرز محفوظ ہیں اور کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

ٹنل سے مئی تک پیدوار متوقع، 1500 میگاواٹ بجلی پیدا ہوگی

دریں اثنا ٹنل سے مئی 2027ء تک پیداوار شروع ہونے کا عمل متوقع ہے، تربیلا پانچواں توسیعی پن بجلی منصوبہ اگست 2021ء میں شروع ہوا جس سے 1530 میگا واٹ بجلی پیدا ہو گی، 510 میگا واٹ صلاحیت کے 3 یونٹس لگیں گے۔

ذرائع کے مطابق تربیلا پانچویں توسیعی پن بجلی منصوبے کی منظور شدہ پی سی ون کی تخمینہ لاگت 82 ارب تھا، 2025ء تک منصوبے پر 128 ارب روپے خرچ ہوئے، جنوری 2026ء تک ٹنل فایئو پر 153 ارب خرچ ہو چکے ہیں۔۔

اپنا تبصرہ بھیجیں