آئینی عدالت کے فیصلے سے پیچیدگیاں پیدا ہوئیں، حکم امتناع واپس لینے کے لیے رجوع کریں گے، بیرسٹر گوہر

اسلام آباد: چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ وفاقی آئینی عدالت کی جانب سے 5 نومبر کو پشاور ہائیکورٹ میں بعض آئینی درخواستوں پر کارروائی روکنے کے فیصلے سے کئی پیچیدگیاں پیدا ہوئی ہیں۔
بیرسٹر گوہر کے مطابق آئینی عدالت کے فیصلے سے نہ صرف سیاسی شخصیات بلکہ عام شہری بھی متاثر ہو رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پشاور ہائیکورٹ نے 10 نومبر کو سماعت کے لیے مقرر پی ٹی آئی کے مقدمات ڈی لسٹ کر دیے، عدالت کو انتظامی بنیادوں پر کیسز ڈی لسٹ نہیں کرنے چاہیے تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ عدالت کو مقدمات کی سماعت کرکے 5 نومبر کے فیصلے کے اطلاق کا تعین کرنا چاہیے تھا۔ حکم امتناع واپس لینے کے لیے وفاقی آئینی عدالت سے رجوع کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ وفاقی آئینی عدالت نے 5 نومبر کو پشاور ہائیکورٹ کو ایم پی او کے تحت گرفتاریوں سے متعلق مقدمات کی سماعت سے روک دیا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں