کنشاسا: ڈیموکریٹک ریپبلک آف کانگو میں فوجی عدالت نے بزدلی، بغاوت اور فوجی احکامات ماننے سے انکار کے الزامات میں 66 فوجیوں کو سزائے موت سنا دی ہے۔
خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق یہ سزائیں ملک کے مشرقی صوبے شمالی کیوو کے علاقے والی کالی میں 71 فوجیوں کے خلاف مقدمے کی سماعت کے بعد سنائی گئیں۔ عدالت نے چار فوجیوں کو باعزت بری کردیا، جبکہ ایک اہلکار کو 10 سال قید کی سزا دی گئی۔
فوجی حکام کے مطابق ان مقدمات کا مقصد مشرقی کانگو میں مسلح گروہوں کے خلاف لڑنے والے فوجیوں میں نظم و ضبط بہتر بنانا ہے۔
اطلاعات کے مطابق گرفتار فوجیوں پر الزام تھا کہ انہوں نے 20 اکتوبر کو والی کالی میں باغی جنگجوؤں کے ساتھ جھڑپوں کے دوران اپنے مورچے چھوڑ دیے اور میدانِ جنگ سے فرار ہوگئے تھے۔
یہ علاقہ طویل عرصے سے مسلح تنازعات اور خانہ جنگی کی صورت حال سے دوچار ہے۔ یہاں سرکاری فوج اور باغی گروہوں کے درمیان لڑائی جاری ہے۔ ان گروہوں میں ایم 23 سمیت مختلف باغی تنظیموں کا اتحاد بھی شامل ہے۔
کانگو میں فوجیوں کو بزدلی کے الزامات پر سزائے موت سنانے کا یہ پہلا واقعہ نہیں۔ گزشتہ ماہ بھی 27 فوجیوں کو اسی نوعیت کے الزامات میں سزائے موت دی گئی تھی۔ ان پر الزام تھا کہ وہ باغیوں کے ساتھ لڑائی کے دوران اگلے مورچوں سے پیچھے ہٹ گئے تھے۔
ڈی آر کانگو کی حکومت نے مارچ 2024 میں فوج کے اندر مبینہ غداری اور فرار کے واقعات کی روک تھام کے لیے سزائے موت پر عائد تقریباً 20 سالہ پابندی ختم کردی تھی۔
حکومت کا مؤقف تھا کہ فوج میں نظم و ضبط برقرار رکھنے اور ملک کے خلاف سرگرمیوں میں ملوث اہلکاروں کے خلاف سخت کارروائی ضروری ہے۔ پابندی ختم ہونے کے بعد فوجی اہلکاروں کو سزائے موت سنائے جانے کے متعدد واقعات سامنے آچکے ہیں۔

