تہران: ایران نے ارجنٹائن کی بحریہ اور فضائیہ کو دہشت گرد تنظیمیں قرار دے دیا ہے۔ یہ اقدام ارجنٹائن کی جانب سے ایرانی پاسدارانِ انقلاب (آئی آر جی سی) کو دہشت گرد تنظیموں کی فہرست میں شامل کرنے کے ردعمل میں کیا گیا ہے۔
ایران کی سرکاری خبر رساں ایجنسی ارنا نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان کے حوالے سے بتایا کہ ایرانی وزارتِ خارجہ نے ارجنٹائن کی بحری اور فضائی افواج کو دہشت گرد تنظیمیں قرار دینے کا اعلان کیا ہے۔
ایرانی وزارتِ خارجہ کے مطابق یہ فیصلہ اصولِ باہمی کی بنیاد پر کیا گیا ہے، جس کے تحت کسی ملک کے اقدام کے جواب میں اسی نوعیت کا ردعمل دیا جاتا ہے۔
وزارتِ خارجہ نے ارجنٹائن کی حکومت کو خبردار کیا ہے کہ وہ اپنے فیصلے کے نتائج کی ذمہ دار ہوگی۔
یہ پیش رفت ارجنٹائن کی جانب سے اسلامی انقلابی گارڈ کور (آئی آر جی سی) کو دہشت گرد تنظیم قرار دینے کے بعد سامنے آئی ہے۔ تہران نے اس فیصلے کو مسترد کرتے ہوئے جوابی کارروائی کا راستہ اختیار کیا ہے۔
ایرانی اعلان کے ممکنہ سفارتی اور دوطرفہ اثرات کے بارے میں فی الحال مزید تفصیلات سامنے نہیں آئی ہیں۔

