ملک میں گیس کی قیمتوں میں مزید اضافے کا امکان پیدا ہوگیا، سوئی ناردرن اور سوئی سدرن گیس کمپنیوں نے رواں مالی سال کے لیے گیس کی اوسط قیمتوں میں اضافے کی درخواستیں اوگرا میں جمع کروا دی ہیں۔
دونوں کمپنیوں نے مجوزہ اضافے کا اطلاق یکم جولائی سے کرنے کی استدعا کی ہے۔
سوئی ناردرن نے گیس کی اوسط قیمت میں 10 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو اضافے کی تجویز دی ہے، جس کے بعد قیمت 1702 روپے سے بڑھا کر 1712 روپے 40 پیسے مقرر کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔
دوسری جانب سوئی سدرن نے گیس کی اوسط قیمت میں 366 روپے 75 پیسے فی ایم ایم بی ٹی یو اضافے کی تجویز پیش کی ہے۔ کمپنی نے موجودہ قیمت کے بجائے نئی اوسط قیمت 2071 روپے 75 پیسے مقرر کرنے کی درخواست کی ہے۔
سوئی ناردرن کی درخواست میں ایل این جی سروس کی مد میں 60 ارب 14 کروڑ 70 لاکھ روپے کے اخراجات بھی شامل کیے گئے ہیں، جبکہ ایل این جی کی لاگت 471 روپے 16 پیسے فی ایم ایم بی ٹی یو ظاہر کی گئی ہے۔
کمپنی کے مطابق موسم سرما میں مقامی گیس کی محدود دستیابی کے باعث اضافی گیس کا انتظام کرنا ہوگا، جس کے لیے ایل این جی کے 16 کارگوز درکار ہوں گے۔
گیس کمپنیوں نے عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں اضافے کو بھی قیمتوں میں اضافے کی وجوہات میں شامل کیا ہے۔
اوگرا دونوں کمپنیوں کی درخواستوں پر سماعت کرے گا، جس کے بعد گیس کی اوسط قیمتوں سے متعلق حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔

