وزیراعظم شہباز شریف کے دورۂ روس کے دوران دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں 15 سے 16 معاہدوں پر دستخط کا امکان ہے، جن کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان تعاون کو نئی وسعت دینا ہے۔
نجی ٹی وی کے مطابق روس میں پاکستان کے سفیر فیصل نیاز ترمذی نے مقامی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے وزیراعظم کے دورے کو انتہائی اہم اور تاریخی قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ اس دورے کے ذریعے دونوں ملکوں کے باہمی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کی کوشش کی جائے گی۔
پاکستانی سفیر کے مطابق شہباز شریف کی ترجیحات میں سیاسی روابط کے علاوہ تجارت، عوامی سطح پر رابطوں، ثقافت اور تعلیم کے شعبوں میں تعاون بڑھانا شامل ہے۔ مجوزہ معاہدوں میں ان تمام شعبوں سے متعلق مختلف امور کو شامل کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف 30 نومبر سے روس کا 3 روزہ سرکاری دورہ کریں گے۔ اس دورے کا بنیادی مقصد دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانا اور توانائی سمیت سرمایہ کاری کے شعبوں میں تعاون سے متعلق معاہدوں کو آگے بڑھانا ہے۔

