پی پی وفد کی ایم کیو ایم پاکستان کے رہنماؤں سے ملاقات، 29نومبر ریلی کے معاملے پر تبادلہ خیال

کراچی: پیپلز پارٹی کے وفد نے اپوزیشن لیڈر سندھ کے چیمبر میں ایم کیو ایم پاکستان کے رہنماؤں سے ملاقات کی، ملاقات میں 29 نومبر کی ریلی، نئے صوبوں اور انتظامی یونٹس کے قیام سمیت اہم سیاسی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
حکومتی وفد میں نثار احمد کھوڑو کی صدارت میں صوبائی وزراء سید ناصر حسین شاہ، ضیاء الحسن لنجار اور سینیٹر وقار مہدی شامل تھے۔

ایم کیو ایم پاکستان کے وفد میں سینئر و مرکزی رہنما ڈاکٹر فاروق ستار، اپوزیشن لیڈر سندھ علی خورشیدی، پارلیمانی لیڈر افتخار عالم اور ڈپٹی پارلیمانی لیڈر طحہ احمد خان سمیت ایم کیو ایم پاکستان کے اراکین سندھ اسمبلی بھی موجود تھے۔

ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نثار کھوڑو نے کہا کہ ہم نے متحدہ سے تاریخ تبدیل کرنے کی درخواست کی ہے، سیاسی جماعتیں جو بھی کریں، فیصلہ آئین کا ہوگا، اگر اس ملک میں آئین ہے تو ہمارا فیصلہ مانا جائے گا، قادر مگسی بھی کسی ری ایکشن میں ریلی نکال رہے ہیں، اسمبلی میں قرارداد منظور کرنے کے بعد بحث ختم نہیں ہوئی، اس لیے قادر مگسی ریلی نکال رہے ہیں۔

ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ ہم نے پہلے ہی 29 نومبر کا اعلان کیا تھا، اب 29 نومبر سر پر آن پہنچی ہے، پہلے درخواست کرتے تو ہمیں سوچ بچار کا وقت ملتا، یہ ہماری انا کا مسئلہ نہیں ہے، ہر شہری و سیاسی جماعت کی عزت نفس ہے، ملک میں نئے صوبے و انتظامی یونٹس ہونے جا رہے ہیں، جس کے لیے ریفرنڈم کروایا جائے گا، اگر ہم سوئچ کو تھوڑا سا سلو بھی کرتے ہیں تو ہمیں دھچکا لگے گا، پاکستان پیپلز پارٹی بڑی جماعت ہے۔

انہوں نے کہا کہ 28 ویں ترمیم کے بعد حکومت کی ذمہ داری ہے کہ امن و امان کی ذمہ داری اٹھائیں، ہم 29 نومبر کی ریلی کو ملتوی کرنے کے لیے مرکزی قیادت سے مشاورت کے بعد فیصلہ کریں گے، یہاں تک پہنچ کر واپسی اختیار کرنا بہت ہی مشکل ترین فیصلہ ہے۔

فاروق ستار نے کہا کہ ہماری ریلی میں میمن، گجراتی، مارواڑی، بلوچی، کشمیری، گلگتی، سندھی بھی شامل ہوں گے، ہماری ریلی میں ہر زبان کے افراد شامل ہوں گے، ہر فورم پر انتظامی یونٹس کی بات ہو رہی ہے، ہم تو کئی دہائیوں سے یہ بات کر رہے ہیں کہ چھوٹے صوبے بننے چاہئیں، صوبوں کے لفظ سے زیادہ مسئلہ ہے تو انتظامی یونٹس کہہ لیں، جذباتی ہو کر کسی کو مسترد کرنا اور مخالفت برائے مخالفت کرنا سیاست نہیں ہے، کتنے سالوں بعد ہم سے کہا گیا کہ ہم سے بیٹھ کر بات کرنی ہے، انتظامی یونٹس کا قیام ملکی بقا کے لیے ناگزیر ہوگیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس نئے صوبے یا انتظامی یونٹس کا پورا خاکہ موجود ہے، پاکستان کے ایک بڑے فورم سے انتظامی یونٹس کے قیام کی بات سامنے آئی ہے، وزیر اعظم شہباز شریف کو چاہیے کہ وہ اس معاملے کو فرنٹ سے لیڈ کریں، سانحہ آرمی پبلک اسکول پر جو سیاست نے دہشت گردوں کے خلاف اقدام کیا تھا، بالکل اسی طرح انتظامی یونٹس کا معاملہ بھی سنجیدہ ہے۔

فاروق ستار کا کہنا تھا کہ بین الاقوامی سفارتکاری میں آپ عالمی امن کے پیامبر بن گئے، 20 سال سے ہماری معیشت و ترقی 3 فیصد سے آگے نہیں بڑھی، ملک میں چند 100 خاندانوں کی اجارہ داری کا خاتمہ اور نئے انتظامی یونٹس کا قیام ملکی بقا کا ضامن ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں