اسلام آباد:انٹرنیشنل واٹر مینجمنٹ انسٹی ٹیوٹ (آئی ڈبلیو ایم آئی) پاکستان کے کنٹری نمائندے محمد اشرف نے کہا ہے کہ بلوچستان کا مستقبل صدیوں پرانے روایتی کاریز نظام کی بحالی، مؤثر انتظام، آپریشن اور دیکھ بھال سے گہرا تعلق رکھتا ہے جبکہ زیر زمین پانی کی مناسب ری چارجنگ کے بغیر ٹیوب ویلوں پر انحصار صوبے کے اہم آبی ذخائر کو ختم کر دے گا۔اتوار کو ’’اے پی پی ‘‘ سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بلوچستان کےکئی علاقوں میں زیر زمین پانی کی سطح پہلے ہی ایک ہزار سے 1300 فٹ تک گر چکی ہے جبکہ مزید گہرائی سے پانی نکالنے کے باعث اس کا معیار بھی مسلسل خراب ہو رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں آبی تحفظ کامستقبل قدرتی بنیادوں پر قائم حل، بالخصوص بارش کے پانی کو محفوظ بنانے، زیر زمین پانی کی دوبارہ بھرائی اور سب سے بڑھ کر کاریز نظام کی بحالی اور فعالیت میں پوشیدہ ہے۔محمد اشرف نے کہا کہ کاریز نظام محض پانی فراہم نہیں کرتا بلکہ یہ پوری تہذیب کو دوبارہ زندہ کرتا ہے۔انہوں نے بتایا کہ کاریز نظام کشش ثقل کے تحت کام کرتا ہے، مقامی آبادیوں نے اسے تعمیر کیا اور اس میں پانی کے بخارات بن کر ضائع ہونے کا نقصان بھی نہیں ہوتا، جس کے باعث مناسب تحفظ اور دیکھ بھال کے ذریعے اسے پائیدار بنایا جا سکتا ہے۔انہوں نے بتایا کہ ایک ایسے کاریز کا پانی، جو پہلے خشک ہو چکا تھااس کی بحالی کے دو سال کے اندر تین گنا بڑھ گیا۔
یہ امر قابل ذکر ہے کہ پاکستان واٹر ویک 2026 کی پانچ روزہ کانفرنس کے دوران بھی اس موضوع پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس سلسلے میں ’’بلوچستان کا معدوم ہوتا کاریز نظام ، اسے پائیدار بنیادوں پر کیسے منظم کیا جا سکتا ہے؟‘‘ کے عنوان سے خصوصی نشست منعقد ہوئی جس میں آئی ڈبلیو ایم آئی کے کنٹری نمائندے، آبی ماہرین، قانونی و انتظامی امور کے ماہرین اور ثقافتی ورثے کے ماہرین نے شرکت کی اور کاریز نظام کی اہمیت اور اسے درپیش چیلنجز پر گفتگو کی۔مقررین نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ بلوچستان میں ماضی میں پانچ ہزار سے زائد کاریز نظام موجود تھےتاہم اب ان میں سے صرف 17 مکمل طور پر فعال رہ گئے ہیں۔
انہوں نے صدیوں پرانے اس مقامی آبپاشی نظام اور اس پر انحصار کرنے والی آبادیوں کے تحفظ کے لیے فوری اور مربوط اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔یونیسکو کی نمائندہ ڈاکٹر کرسٹینا نے تصدیق کی کہ کاریز نظام کو پہلے ہی یونیسکو کی عالمی ثقافتی ورثے کی عارضی فہرست میں شامل کیا جا چکا ہے جو پاکستان کونسل آف ریسرچ اِن واٹر ریسورسز (پی سی آر ڈبلیو آر)، حکومت بلوچستان اور یونیسکو پاکستان کے باہمی تعاون سے حاصل ہونے والی اہم پیش رفت ہے۔
انہوں نے کہا کہ کاریز نظام کو عالمی ثقافتی ورثے کی مستقل فہرست میں شامل کرنے کے لیے حکومت بلوچستان کی قیادت میں ایک جامع نامزدگی دستاویز تیار کرنا ضروری ہوگا۔انہوں نے کہا کہ عالمی ثقافتی ورثے کا درجہ محض اعزاز نہیں بلکہ تحفظ کی ڈھال ہے، کیونکہ عالمی سطح پر شناخت ان نظاموں کو درکار قانونی اور مالی تحفظ فراہم کرنے میں مدد دے سکتی ہے۔

