گوادر،پانی فراہمی نظام کو مزید بہتر بنانے کیلئے شادی کور تا چوڑ ڈگار واٹر ٹرانسمیشن لائن کو ہنگامی بنیادوں پر فعال کرنے کا کام آخری مراحل میں داخل

گوادر(این ا ین آئی) گوادر شہر میں پانی کی فراہمی کے نظام کو مزید بہتر بنانے کے لیے شادی کور تا چوڑ ڈگار واٹر ٹرانسمیشن لائن کو ہنگامی بنیادوں پر فعال کرنے کا کام اخری مراحل میں پہنچ گیا ہے۔ جس کا معائنہ آج ڈائریکٹر جنرل گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی معین الرحمٰن خان نے کیا۔ڈائریکٹر جنرل نے شادی کور واٹر ٹرانسمیشن لائن، چہوڑ ڈگار پمپنگ اسٹیشن، نلینٹ پمپنگ اسٹیشن اور سوڈ ڈیم سمیت مختلف مقامات کا تفصیلی دورہ کیا، جہاں انہوں نے پانی کے ذخائر، ٹرانسمیشن لائنز اور مشینری کی صورتحال کا باریک بینی سے جائزہ لیا۔ اس موقع پر چیف انجینئر جی ڈی اے حاجی سید محمد اور پروجیکٹ ڈائریکٹر واٹر میر جان بلوچ بھی ان کے ہمراہ تھے۔ڈائریکٹر جنرل کو بتایا گیا کہ شادی کور سے چوڑ ڈگار تک 83 کلومیٹر مین ٹرانسمیشن لائن کی بحالی کا کام تقریبا مکمل کرلیا گیا ہے۔ پانی سپلائی تجرباتی طور پر شروع کردی گئی ہے تاہم چوڑ ڈگار سے سات کلومیٹر کے فاصلے پر لائن میں ایک نقص ظاہر ہونے پر سپلائی عارضی طور پر معطل کیا گیاہے توقع ہے کہ کل تک سپلائی دوبارہ شروع ہو جائے گی۔ڈائریکٹر جنرل نے سوڈ ڈیم کا بھی معائنہ کیا، جہاں تقریباً ایک ماہ کا پانی ذخیرہ موجود ہے۔ یہ پانی ایریگیشن پمپنگ سسٹم کے ذریعے جی ڈی اے پمپنگ اسٹیشن منتقل کیا جا رہا ہے، جہاں سے بڑی ہارس پاور مشینری کے ذریعے پانی 7 کلومیٹر کے فاصلے پر چوڑ ڈگار اور پھر 61 کلومیٹر کے فاصلے پر گوادر واٹر اسٹیشن تک پہنچایا جاتا ہے۔ یہ عمل انتہائی مشکل اور پیچیدہ ضرور ہے، مگر جی ڈی اے کا عملہ دن رات محنت سے اسے کامیابی کے ساتھ انجام دے رہا ہے۔ اس وقت شہر میں روزانہ 30 سے 32 لاکھ گیلن پانی فراہم کیا جا رہا ہے۔مزید بتایا گیا کہ چہوڑ ڈگار سے گوادر سٹی تک مرکزی لائن کے راستے میں آنے والے تین یونین کونسلز کے درجنوں دیہات کو بھی لاکھوں گیلن پانی روزانہ فراہم کیا جا رہا ہے۔ شادی کور سے چہوڑ ڈگار لائن فعال ہونے کے بعد راستے میں آنے والے دیگر دیہات بھی اس سہولت سے مستفید ہوں گے۔ ڈائریکٹر جنرل نے چہوڑ ڈگار پمپنگ اسٹیشن پر بجلی اور پانی کے نظام کا معائنہ کیا اور عملے کی کارکردگی کو سراہا۔بعد ازاں ڈائریکٹر جنرل نے جی ڈی اے سینٹرل پارک اور پدی زر پارک کا بھی دورہ کیا، جہاں حالیہ دنوں نصب کی گئی لائٹس اور صفائی ستھرائی کے انتظامات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے پارکوں میں مزید بہتری کے لیے احکامات جاری کیے تاکہ شہریوں کو محفوظ اور خوشگوار تفریحی ماحول فراہم کیا جا سکے۔ اس موقع پر ڈائریکٹر ماحولیات رسول بخش بلوچ نے انہیں حالیہ اقدامات سے متعلق آگاہ کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں