“مقامی نوجوانوں کے حق پر ڈاکہ، خالی آسامیوں پر کوئٹہ کے لوگوں کو ایڈجسٹ کرنا ناانصافی ہے”

آدم قادربخش
گوادر نیشنل پارٹی کے صوبائی فشریز سیکریٹری آدم قادربخش نے ڈائریکٹوریٹ جنرل فشریز بلوچستان کی جانب سے حالیہ تبادلوں اور تعیناتیوں کو مسترد کرتے ہوئے اسے شدید ناانصافی قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پسنی، خضدار، اورماڑہ، پشکان اور گوادر جیسے اہم ماہی گیری مراکز میں خالی آسامیوں پر مقامی نوجوانوں کو بھرتی کرنے کے بجائے کوئٹہ سے عملہ لا کر ایڈجسٹ کرنا عوامی حق تلفی ہے۔
آدم قادربخش نے کہا کہ برسوں سے مقامی نوجوان روزگار کے منتظر ہیں لیکن محکمہ فشریز نے ان کے ساتھ زیادتی کرتے ہوئے ان کے حصے کی پوسٹوں پر کوئٹہ کے عملے کو تعینات کردیا ہے، جو اقربا پروری اور ناانصافی کی بدترین مثال ہے۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے عوام پہلے ہی محرومیوں اور بے روزگاری کے عذاب میں مبتلا ہیں، ایسے اقدامات نہ صرف مقامی لوگوں کے اعتماد کو مجروح کرتے ہیں بلکہ صوبے میں بداعتمادی اور احساسِ محرومی کو مزید گہرا کرتے ہیں۔
نیشنل پارٹی نے حکومتِ بلوچستان اور محکمہ فشریز سے مطالبہ کیا ہے کہ اس غیر منصفانہ فیصلے کو فوری طور پر واپس لیا جائے اور تمام خالی آسامیوں پر مقامی اہل نوجوانوں کو بھرتی کیا جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں