راولپنڈی (این این آئی) پاکستان شاہینز کے آل راؤنڈر معاذ صداقت نے بھارت کے خلاف کامیابی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ بھارت کے خلاف میچ جیتنے کا بہت بہترین احساس ہوتا ہے۔ ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ میں بہت زیادہ خوش ہوں، بھارت کے خلاف میچ جیتنے کا بہت بہترین احساس ہوتا ہے۔معاذ صداقت نے کہا کہ تیاری ہر میچ کے لیے کی جاتی ہے مگر بھارت کے خلاف محنت سے کھیلا، میں نے اپنی پرفارمنس کے لیے سخت تیاری کی اور اس کا پھل ملا۔ایک سوال کے جواب میں معاذ صداقت نے بتایا کہ اُن کے پسندیدہ کھلاڑی بابر اعظم ہیں۔یاد رہے کہ بھارت کے خلاف شاندار کار کردگی پر معاذ صداقت کو میچ میں آل راؤنڈر پرفارمنس پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔واضح رہے کہ ایشیاء کپ رائزنگ اسٹارز ٹی20 کے گروپ میں پاکستان شاہینز نے بھارت اے کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر سیمی فائنل تک رسائی حاصل کر لی۔قطر کے دارالحکومت دوحہ میں کھیلے گئے میچ میں بھارت کی طرف سے دیا گیا 137 رنز کا ہدف پاکستان نے 14ویں اوور میں 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔پاکستانی اوپنر معاذ صداقت نے شاندار بیٹنگ کی، 4 چھکوں اور 7 چوکوں کی مدد سے صرف 47 گیندوں پر 79 رنز بنائے۔

