نئی دہلی (این این آئی)بھارتی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ گوتم گمبھیر دہلی کیپٹلز کے شریک مالک پارتھ جندال کا مطالبہ سامنے آنے کے بعد ان کیخلاف پھٹ پڑے۔گوہاٹی میں کھیلے گئے ٹیسٹ میں جنوبی افریقہ سے ہارنے اور سیریز میں وائٹ واش ہونے کے بعد گوتم گمبھیر کی کوچنگ کو کافی تنقید کا نشانہ بنایا گیا، دہلی کے شریک مالک نے تو یہاں تک مطالبہ کیا کہ بھارتی ٹیم کے ریڈ بال سیٹ اپ کے لیے الگ کوچنگ سیٹ اپ رکھا جائے۔ان کی اس ٹوئٹ پر گوتم گمبھیر نے غصے کا اظہار کرتے ہوئے اپنا ردعمل دیتے ہوئے انھیں باور کرایا ہے کہ وہ اپنی اوقات میں رہیں اور اپنی حدود کا خیال رکھیں۔گوتم گمبھیر نے کہا کہ کچھ لوگوں نے ایسی باتیں بھی کیں جن کا کرکٹ سے کوئی تعلق نہیں، ایک آئی پی ایل ٹیم کے مالک (پارتھ جندال) نے بھی الگ الگ کوچنگ کے بارے میں لکھا۔بھارت کے سابق کرکٹر اور موجودہ ہیڈ کوچ نے مزید کہا کہ یہ سب حیران کن ہے، لوگوں کے لیے اپنی حدود میں رہنا بہت ضروری ہے کیونکہ اگر ہم کسی کے دائرہ اختیار میں نہیں جاتے ہیں، تو انھیں بھی اپنی حدود سے تجاوز کرنے کا حق نہیں ہے۔

