کوئٹہ (این این آئی)مرکزی تنظیم تاجران بلوچستان کے ترجمان کاشف حیدری نے کراچی کے تجارتی مرکز گل پلازہ میں آتشزدگی کے افسوسناک واقعے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سانحے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع اور ہزاروں تاجروں کے بھاری مالی نقصان نے دلوں کو افسردہ کر دیا ہے، یہ بات انہوں نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہی۔ کاشف حیدری نے کہا کہ گل پلازہ میں پیش آنے والا واقعہ پورے ملک کے تاجروں کے لیے ایک بڑا صدمہ ہے، انہوں نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں کوئٹہ اور بلوچستان کے تاجر اپنے کراچی کے بھائیوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ ترجمان نے مزید کہا کہ کراچی ملک کا معاشی حب ہے اور وہاں کے تاجروں کا نقصان درحقیقت پوری تاجر برادری کا نقصان ہے، ہم دعاگو ہیں کہ اللہ تعالیٰ تمام متاثرین کو اس ناگہانی آفت کے نتیجے میں ہونے والے صدمے اور مالی نقصان کو برداشت کرنے کا حوصلہ عطا فرمائے۔

