آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کی جانب سے سانحہ گل پلازہ کے شہداءکی یاد اور ان کے ایصالِ ثواب کے لیے خصوصی دعائیہ تقریب کا انعقاد

کراچی (رپورٹر ) آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کی جانب سے سانحہ گل پلازہ کے شہداءکی یاد اور ان کے ایصالِ ثواب کے لیے خصوصی دعائیہ تقریب کا انعقاد لابی ایریا آرٹس کونسل میں کیاگیا جس میں سانحہ گل پلازہ کے شہداءکو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے شمعیں روشن کی گئیں، دعائیہ تقریب میں صوبائی وزیر ثقافت سید ذوالفقار علی شاہ ،سیکریٹری آرٹس کونسل اعجاز فاروقی ،شاہد رسام ، ہما میر سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات، فنکار، ادیب اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی جبکہ شکیل خان نے سانحہ گل پلازہ کے شہداءکے ایصال ثواب کے لیے رقت انگیز دعا کرائی۔ اس موقع پر صوبائی وزیر ثقافت ، سیاحت و آرکائیو سید ذوالفقار علی شاہ نے کہاکہ گزشتہ روز گل پلازہ کا دردناک واقعہ رونما ہوا، پورے ملک میں دردناک فضا قائم ہے، اس کا ازالہ تو نہیں ہوسکتا، ہم ان شہید ہونے والوں کی فیملیوں کے ساتھ ہیں، کراچی پورا ایک طرف اور گل پلازہ ایک طرف ہے، ہم نے ان کو یاد کرنے کے لیے دعا اور یہ چراغاں کیا ہے۔صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہاکہ آپ جانتے ہیں کہ ہفتے والے دن میں ایک افسوس ناک سانحہ ہوا، گل پلازہ میں کافی بے گناہ لوگ جان سے گئے، شہیدوں کو یاد رکھنا آرٹس کونسل کی روایت ہے، اس دن گل پلازہ میں سینکڑوں لوگ خریداری کرنے آئے ہوئے تھے، کافی دکاندار بھی اندر موجود تھے، آج ہم ان کی یاد میں شمعیں روشن رہے ہیں، آج یہاں ہماری آرٹسٹ برداری بھی موجود ہے۔ہم سانحہ گل پلازہ کے لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں