کوئٹہ(این این آئی)معاون وزیر اعلیٰ بلوچستان برائے سیاسی و میڈیا امور شاہد رند نے کہا ہے کہ بلوچستان کے برف باری سے شدید متاثرہ علاقوں میں پی ڈی ایم اے بلوچستان نے مؤثر، بروقت اور پیشہ ورانہ انداز میں ریسکیو آپریشن مکمل کر لیا ہے، جس کے نتیجے میں درجنوں گاڑیوں میں پھنسے مسافروں کو بحفاظت نکال کر محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا شاہد رند نے کہا کہ شدید سردی اور نامساعد موسمی حالات کے باوجود پی ڈی ایم اے، ضلعی انتظامیہ اور ریسکیو ٹیموں نے جانفشانی سے فرائض انجام دیے، جس کے باعث سینکڑوں قیمتی انسانی جانیں محفوظ بنائی جا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ ریسکیو آپریشن حکومت بلوچستان کی پیشگی تیاری، مؤثر حکمت عملی اور ادارہ جاتی ہم آہنگی کا واضح ثبوت ہے معاون وزیر اعلیٰ نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے پی ڈی ایم اے بلوچستان کی مجموعی کارکردگی کو سراہتے ہوئے ادارے اور ریسکیو آپریشن میں حصہ لینے والی تمام ٹیموں کو شاباش دی ہے۔ وزیر اعلیٰ نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ ہنگامی حالات میں عوام کی جان و مال کا تحفظ حکومت بلوچستان کی اولین ترجیح ہے شاہد رند نے کہا کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی ہدایت پر ریسکیو آپریشن کی نگرانی کرنے والے افسران اور فیلڈ میں خدمات انجام دینے والی ٹیموں کے لیے حسنِ کارکردگی سرٹیفکیٹس دینے کا بھی اعلان کیا گیا ہے، تاکہ ان کی محنت، لگن اور پیشہ ورانہ خدمات کا اعتراف کیا جا سکے انہوں نے کہا کہ حکومت بلوچستان قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے پی ڈی ایم اے کی استعداد کار میں مزید اضافہ کر رہی ہے، تاکہ آئندہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری اور مؤثر ردعمل یقینی بنایا جا سکے۔

