کراچی: پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں 5149 پوائنٹس کی بڑی مندی ہوئی، 78 فیصد حصص کی قیمتیں کم ہوگئیں جس کے باعث سرمایہ کاروں کے 5 کھرب 77 ارب روپے ڈوب گئے، ہنڈریڈ انڈیکس 1 لاکھ 74 ہزار 453 پر آگیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق ایران کو دباؤ میں لانے کے لیے امریکا کے جارحانہ طرز عمل سے خطے میں جنگ کے منڈلاتے ہوئے بادل، کموڈٹیز کی عالمی مارکیٹس میں غیریقینی ماحول، لسٹڈ کمپنیوں کی توقعات سے کم مالیاتی نتائج، غیرملکیوں، بروکرز، فنڈز اور انفرادی سرمایہ کاروں کی پری رمضان پرافٹ ٹیکنگ سے پاکستان اسٹاک ایکس چینج مندی میں پیر کو رواں سال میں ایک روزہ کاروبار میں دوسری سے بڑی نوعیت کی مندی رہی۔
مندی سے انڈیکس کی 1لاکھ 79ہزار، 1لاکھ 78ہزار، 1لاکھ 77ہزار، 1لاکھ 76ہزار اور 1لاکھ 75ہزار پوائنٹس کی مزید پانچ سطحیں بھی گرگئیں۔ مندی کے سبب 78فیصد حصص کی قیمتوں میں کمی واقع ہوئی جبکہ سرمایہ کاروں کے 5کھرب 77ارب 91کروڑ 85لاکھ 4ہزار 443روپے ڈوب گئے۔
حصص یافتگان کے لیے توقعات سے کم ڈیویڈنڈ کے اعلانات اور جیوپولیٹیکل صورتحال سے مارکیٹ سینٹی مینٹس منفی رہے، امریکا کے سخت رویے سے خطے میں جنگ کے منڈلاتے بادل سے سرمایہ کاری کے تمام شعبوں نے محتاط طرز عمل اختیار کرتے حصص کی آف لوڈنگ کو ترجیح دی جس سے ایک موقع پر 6029 پوائنٹس کی مندی بھی رونما ہوئی تاہم اختتامی لمحات میں نچلی قیمتوں پر دوبارہ خریداری سرگرمیاں بڑھنے سے مندی کی شدت میں قدرے کمی واقع ہوئی۔

