اسلام آباد: متحدہ عرب امارات نے اصولی طور پر پاکستان کے 2 ارب ڈالر کے ڈپازٹ کی مدت میں 2 ماہ کی توسیع پر رضامندی ظاہر کر دی ہے۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ میں ذرائع کے مطابق اس رقم کو 17 اپریل 2026 تک رول اوور کرنے پر اتفاق کیا گیا ہے، جس سے پاکستان کو عارضی مالی سہارا ملے گا۔
ایک اعلیٰ عہدیدار کی تصدیق کے حوالے سے رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اماراتی حکام نے مختصر مدت کے لیے اس ڈپازٹ کو برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ یہ توسیع 6.5 فیصد شرح سود پر دی گئی ہے جب کہ متعلقہ حکام کی جانب سے باقاعدہ منظوری جلد متوقع ہے۔
ذرائع کے مطابق یہ پیش رفت اس وقت سامنے آئی جب نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے رواں ہفتے اعلیٰ اماراتی حکام سے رابطہ کیا اور موجودہ مالی صورتحال سے آگاہ کیا۔ ترجمان دفتر خارجہ طاہر حسین اندرابی کا کہنا ہے کہ اسحاق ڈار اس معاملے کو خود دیکھ رہے ہیں اور اماراتی حکام کے ساتھ مشاورت کے ذریعے مثبت کردار ادا کر رہے ہیں۔

