کوئٹہ +منیلا(این این آئی)چیئرمین قائمہ کمیٹی برائے دفاعی پیداوار سینیٹر محمد عبدالقادر کی قیادت میں پاکستانی پارلیمانی وفد نے منیلا میں فلپائن کے سینیٹ کے صدر شیروِن گچالیان سے ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے درمیان پارلیمانی، تجارتی، سرمایہ کاری اور معاشی تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات میں سینیٹر سید وقار مہدی، فلپائن میں پاکستان کی سفیر ڈاکٹر عاصمہ ربانی اور فلپائن کے سینیٹرز سمیت دیگر پارلیمانی ارکان نے شرکت کی۔سینیٹر محمد عبدالقادر نے چیئرمین سینیٹ پاکستان سید یوسف رضا گیلانی کی جانب سے فلپائن کے سینیٹ صدر کو نیک خواہشات اور تہنیتی پیغام پہنچایا اور انہیں پاکستان کے دورے کی دعوت دی۔انہوں نے فلپائن میں حالیہ تباہ کن سیلاب سے ہونے والے جانی و مالی نقصان پر پاکستان کی جانب سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے فلپائن کے عوام کے ساتھ یکجہتی کا بھی اعادہ کیا۔سینیٹر عبدالقادر نے پارلیمانی سفارت کاری کی اہمیت اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی سینیٹ اور قومی اسمبلی میں پاکستان فلپائن پارلیمانی فرینڈشپ گروپس قائم کیے جاچکے ہیں۔ انہوں نے فلپائن کے سینیٹ اور ایوان نمائندگان پر بھی زور دیا کہ وہ اسی طرز پر پارلیمانی دوستی گروپس قائم کرکے دونوں ممالک کے دوستانہ تعلقات کو باضابطہ اور ادارہ جاتی شکل دیں تاکہ مستقل بنیادوں پر پارلیمانی روابط کا سلسلہ جاری رکھا جاسکے۔ملاقات میں دونوں جانب سے پارلیمانی وفود کے تبادلوں اور اعلیٰ سطحی دوروں میں اضافے کی اہمیت پر اتفاق کیا گیا۔ اس موقع پر باہمی افہام و تفہیم کو فروغ دینے اور دونوں قانون ساز اداروں کے درمیان تعاون مزید مضبوط بنانے کے امور بھی زیر بحث آئے۔فریقین نے منظم مذاکرات کے ذریعے دوطرفہ تجارت، سرمایہ کاری اور معاشی تعلقات کے فروغ اور تجارتی تعاون کے نئے مواقع تلاش کرنے پر بھی تبادلہ خیال کیا۔قبل ازیں پاکستانی پارلیمانی وفد کا فلپائن کی سینیٹ کے اجلاس کے دوران پرتپاک استقبال کیا گیا، جو پاکستان اور فلپائن کے درمیان بڑھتی ہوئی دوستی اور دیرینہ شراکت داری کا عکاس ہے۔

