آزاد کشمیر انتخابات کا تیسرا مرحلہ، باغ اور حویلی کے 4 حلقوں میں پولنگ، ووٹوں کی گنتی جاری

میرپور، آزاد کشمیر: آزاد کشمیر میں تیسرے مرحلے کے لیے انتخابی دنگل کا آغاز ہوگیا، قانون ساز اسمبلی کے انتخابات 2026ء کے اس مرحلے میں پونچھ ڈویژن کے اضلاع باغ اور حویلی کے 4 حلقوں میں پولنگ کے بعد اب ووٹوں کی گنتی کا عمل جاری ہے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق تیسرے مرحلے کے اس انتخابات کے لیے پولنگ کا وقت شام پانچ بجے ختم ہوگیا جس کے بعد پریزائڈنگ افسر نے پولنگ ایجنٹ کے سامنے بیلٹ باکسز کھول دیے اور ووٹوں کی گنتی کا عمل جاری ہے۔

پیپلز پارٹی کی رہنما شیری رحمان نے الزام لگایا ہے کہ پولنگ ایجنٹس کو انتخابی عمل کی نگرانی سے روکنا شفاف انتخابات کے منافی ہے، الیکشن کمیشن فوری مداخلت کرے۔

انہوں نے کہا کہ انتخابی عمل میں کسی بھی رکاوٹ یا بے ضابطگی کو نظرانداز نہیں کیا جا سکتا، الیکشن کمیشن فوری ازالہ کرے۔

پیپلز پارٹی پنجاب کے جنرل سیکرٹری حسن مرتضیٰ کا پریس کانفرنس میں کہنا تھا کہ آج کے انتخابات پر ہمارے تحفظات ہیں، ایل اے 15 اور 16 میں نو شکایات الیکشن کمیشن کو جمع کروا دی ہیں، ہمارے پولنگ اسٹاف کی پولنگ اسٹیشن میں جانے کی اجازت نہیں ملی۔

واضح رہے کہ شیڈول میں تبدیلی کے باعث ڈویژن پونچھ کے 5 اور سدھنوتی کے 2 حلقوں میں انتخابات پہلے ہی مؤخر کر دیے گئے تھے۔

انتخابی دنگل میں مسلم کانفرنس کے سربراہ اور سابق وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار عتیق احمد خان، وزیر اعظم آزاد کشمیر فیصل راٹھور اور آئی پی پی کے سربراہ اور سابق وزیر اعظم سردار تنویر الیاس نے حصہ لیا۔

چیف الیکشن کمشنر کی رپورٹ کے مطابق مجموعی طور پر 4 لاکھ 60 ہزار ووٹرز کا اندراج ہے۔ انتخابی عمل کے نگرانی اور پولنگ کے دوران امن و امان برقرار رکھنے کے لیے چاروں حلقوں میں سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے۔

آزاد کشمیر انتخابات کے پہلے مرحلے میں میرپور ڈویژن کی 13 نشستوں پر پولنگ ہوئی تھی جس میں مسلم لیگ ن نے 9 نشستوں پر اپنا قبضہ جمایا تھا جبکہ پیپلز پارٹی نے 4 نشستیں حاصل کی تھیں۔

دوسرے مرحلے میں مظفرآباد ڈویژن کی 9 اور مہاجرین کی 12 نشستوں پر ووٹنگ ہوئی جس میں مسلم لیگ ن 15 نشستیں جیتنے میں کامیاب رہی جبکہ پیپلز پارٹی نے 6 نشستیں حاصل کیں۔

اب تک آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کی مجموعی 45 نشستوں میں سے مسلم لیگ ن 24 نشستوں کے ساتھ سب سے آگے ہے جبکہ پیپلز پارٹی 10 نشستیں حاصل کرکے دوسرے نمبر پر ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں