اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے ملک کی پہلی نیشنل یوتھ پالیسی کا اعلان کردیا جس کے مطابق تمام لیبر فورس میں خواتین کے لیے 35 فیصد کوٹا لازمی ہوگا، نوجوانوں کو اسٹارٹ اپ کے لیے مدد کی جائے گی۔
پہلی نیشنل یوتھ پالیسی کا اعلان انہوں نے نوجوانوں کے عالمی دن پر اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کے دوران کیا۔
ایچی سن کالج میں غریب کا بچہ قدم بھی نہیں رکھ سکتا
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ اس ملک میں لاکھوں ذہین نوجوان موجود ہیں جنہیں تعلیم کے زیور سے آراستہ کیا جائے تو وہ دوسروں کو پیچھے چھوڑ جائیں مگر ستم ظریفی یہ ہے کہ امرا کے بچوں کو دنیا بھر کی درس گاہوں میں اعلیٰ تعلیم کے مواقع موجود ہیں، دوسری جانب غریب والدین اپنے بچوں کی تعلیم کے لیے شدید خواہش رکھتے ہیں مگر ان کی استطاعت نہیں ہے، ایچی سن کالج میں غریب کا بچہ قدم بھی نہیں رکھ سکتا اسی لیے ایچی سن کالج کے مقابل دانش اسکول قائم کیے۔
دانش اسکول کا معیار ایچی سچ کالج سے کم نہیں ہوگا
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اس تضاد کی وجہ سے ہم تعلیم کے میدان میں پیچھے رہ گئے، معاشرے میں مساوی مواقع موجود ہونا چاہیے اگر امیر و غریب کے بچوں کو مساوی تعلیم نہ ملے تو پھر یہ قائد اعظم کا پاکستان نہیں ہے، پنجاب بھر میں دانش اسکول کا جال پھیلایا اب جی بی، آزاد کشمیر اور بلوچستان میں بن رہے ہیں جہاں مفت تعلیم ملے گی اور معیار ایچی سچ کالج سے کم نہیں ہوگا۔
آئی ٹی اور اے آئی کی تعلیم کیلئے ایک ہزار طالبعلم سرکاری خرچ پر چین بھیجنے کا اعلان
شہباز شریف نے کہا کہ میں یہ اعلان کرنا چاہتا ہوں کہ بجٹ میں تعلیم کے لیے خاطر خواہ رقومات رکھی ہیں، پورے پاکستان سے گزشتہ سال ایک سال طلبا میرٹ پر چین بھیجے سرکاری خرچ پر، تاکہ وہ زراعت کی جدید تعلیم حاصل کریں، اب ہم ایک ہزار بچوں کو سرکاری خرچ پر آئی ٹی اور اے آئی کی تعلیم کے لیے چین بھجوائیں گے۔
اسلام آباد دانش یونیورسٹی میں اگلے سال کلاسز شروع ہوجائیں گی
ان کا کہنا تھا کہ اسلام آباد میں دانش یونیورسٹی اگلے سال معرض وجود میں آنے والی ہے، اگلے سال کلاسز شروع بھی ہوجائیں گی، اس میں ٹیکنیکل تعلیم ہوگی اور جدید و تکنیکی علوم پر زیادہ فوکس ہوگا، وہاں پر بھی میرٹ پر داخلہ ہوگا پیسوں ہوں یا نہ ہوں، بہترین تعلیم ملے گی۔
مزید ڈھائی لاکھ بچوں کو کروم بکس دینے کا اعلان
وزیراعظم نے کہا کہ آج تک ہم نے سات لاکھ بچوں میں میرٹ پر لیپ ٹاپ تقسیم کیے، ایک بھی سفارش پر نہیں دیا، اس سال پورے ملک کے مزید ڈھائی لاکھ بچوں کو کروم بکس دی جائیں گی، اس میں پرائیویٹ اسکول کے بچوں کو شامل نہیں کیا گیا، ہمیں لیپ ٹاپ رشوت کے طور پر دینے کا طعنہ دیا گیا، کیا اس لیپ ٹاپ نے بچوں کو عزت سے روزگار کمانے اور جدید دنیا میں داخلے کا موقع نہیں دیا؟ میں لیپ ٹاپ کو مشین نہیں مشن جانتا ہوں اور اسے مزید آگے بڑھاؤں گا، 1947ء میں پاکستان ہمارے بزرگوں نے بنایا مگر 2047ء کا پاکستان نوجوان اپنے مرضی سے بنائیں گے۔
لیبر میں خواتین کا 35 فیصد کوٹا مختص، اسٹارٹ اپ کیلئے رقومات دینے کا اعلان
انہوں نے فرسٹ نیشنل یوتھ پالیسی کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ تمام لیبر فورس میں خواتین کے لیے 35 فیصد کوٹا لازمی ہوگا، نوجوانوں کو ملازمتوں کے لیے بجائے اپنا آسان کاروبار شروع کرنے کے لیے اسٹارٹ اپ کے لیے دس فیصد کوٹا مقرر کرنے کا اعلان کرتا ہوں۔

