کراچی (رپورٹر ) اُمّہ ویلفیئر ٹرسٹ نے کراچی کے ضرورت مند اور بے روزگار افراد کو باعزت روزگار فراہم کرنے کے سلسلے کو جاری رکھتے ہوئے انکم جنریشن پروگرام 2026 کے فیز تھری میں مزید 88 افراد کو 44 رکشے اور 44 موٹر سائیکلیں مفت فراہم کردیں۔اس سلسلے میں کلفٹن میں ایک باوقار تقریب منعقد ہوئی، جہاں منتخب افراد میں رکشوں اور موٹر سائیکلوں کی چابیاں تقسیم کی گئیں۔ مستحق افراد کے انتخاب کے لیے درخواستوں کی جانچ، گھر گھر سروے اور ضروری تصدیقی مراحل مکمل کیے گئے تاکہ روزگار کی سہولت حقیقی ضرورت مند افراد تک پہنچائی جاسکے۔
تقریب میں اُمّہ ویلفیئر ٹرسٹ پاکستان کے وائس چیئرمین حاجی عبدالرزاق بیلی، جنرل سیکریٹری حاجی بلال بگٹی، طارق منگرانی، سماجی رہنما ارشاد بخاری، خالد اعوان، ٹرسٹ کے ٹرسٹیز اور دیگر معززین نے شرکت کی،اس موقع پر حاجی عبدالرزاق بیلی نے کہا کہ اُمّہ ویلفیئر ٹرسٹ کا مقصد صرف وقتی امداد فراہم کرنا نہیں بلکہ ضرورت مند افراد کو باعزت اور مستقل ذریعۂ آمدن فراہم کرنا ہے، تاکہ وہ اپنے خاندان کی کفالت کرسکیں اور معاشی طور پر اپنے پاؤں پر کھڑے ہوسکیں۔مجموعی اعداد و شمار کے مطابق انکم جنریشن پروگرام 2026 کے پہلے مرحلے میں 100، دوسرے مرحلے میں 75 اور تیسرے مرحلے میں 88 افراد کو روزگار فراہم کیا گیا۔ اس طرح 2026 کے تینوں مراحل میں مجموعی طور پر 263 افراد مستفید ہوئے، جنہیں 139 رکشے اور 124 موٹر سائیکلیں فراہم کی گئیں۔

