کوئٹہ+اسلام آباد(این این آئی) قائم مقام چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر نے عالمی یوم اساتذہ کے موقع پر اساتذہ کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ استاد معاشرے میں علم، شعور اور مثبت اقدار کے فروغ کا بنیادی ذریعہ ہے۔ قوموں کی ترقی میں اساتذہ کا کردار محض تعلیم تک محدود نہیں بلکہ وہ نوجوان نسل کی سوچ اور مستقبل کی تشکیل میں بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں۔اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ ایک مضبوط اور ترقی یافتہ پاکستان کے لیے ایسی نسل کی تیاری ناگزیر ہے جو علم، تحقیق، اخلاقی اقدار اور ذمہ داری کے جذبے سے آراستہ ہو۔ اس مقصد کے لیے اساتذہ کو بااختیار بنانا اور انہیں جدید تعلیمی وسائل اور پیشہ ورانہ تربیت کے مواقع فراہم کرنا ضروری ہے۔سیدال خان ناصر نے کہا کہ ڈیجیٹل دور میں تعلیم کے طریقہ کار میں نمایاں تبدیلیاں آ رہی ہیں، لہٰذا اساتذہ کو جدید ٹیکنالوجی اور نئے تعلیمی رجحانات سے ہم آہنگ کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ معیاری تعلیم کے فروغ کے لیے اساتذہ کی استعداد کار میں اضافہ کیا جانا چاہیے۔قائم مقام چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ اساتذہ کی فلاح و بہبود، ان کے مسائل کا ازالہ اور انہیں باعزت و سازگار ماحول کی فراہمی قومی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ استاد کو معاشرے میں وہ مقام اور احترام ملنا چاہیے جس کا وہ حق دار ہے۔انہوں نے ملک بھر کے اساتذہ کی تعلیمی و قومی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی محنت اور عزم پاکستان کے روشن اور بہتر مستقبل کی بنیاد ہے۔

