کوئٹہ(این این آئی)ایڈیشنل ڈائریکٹر آڈٹ اینڈ اکانٹس، ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکیشن کوئٹہ عابدہ کاکڑ نے یومِ اساتذہ کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ استاد معاشرے کا معمار اور نئی نسل کے روشن مستقبل کا ضامن ہے، اساتذہ کی محنت، خلوص، رہنمائی اور تربیت ہی طلبہ کو علم کے ساتھ ساتھ اخلاق، کردار اور ذمہ داری کا شعور فراہم کرتی ہے۔انہوں نے کہا کہ یومِ اساتذہ صرف اساتذہ کو خراجِ تحسین پیش کرنے کا دن نہیں بلکہ اس عظیم پیشے کی اہمیت کو اجاگر کرنے اور معاشرے میں استاد کے مقام و مرتبے کو تسلیم کرنے کا بھی موقع ہے۔ استاد نسلوں کی تربیت کرتا ہے اور ایک بہتر، تعلیم یافتہ اور باشعور معاشرے کی بنیاد رکھنے میں بنیادی کردار ادا کرتا ہے۔میڈم عابدہ کاکڑ نے اپنے خطاب میں اپنے ذاتی تجربے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ میں خود بھی استاد کا کردار ادا کر چکی ہوں اور تدریس کے شعبے سے وابستہ رہی ہوں، اس لیے میں استاد کی ذمہ داریوں، مشکلات اور اس عظیم پیشے کی اہمیت کو بخوبی سمجھتی ہوں۔ آج میں جس مقام اور منصب پر ہوں، اس میں میرے اساتذہ کی تعلیم، تربیت، رہنمائی اور دعاں کا بنیادی کردار ہے۔ انہوں نے کہا کہ استاد نے میری شخصیت اور پیشہ ورانہ زندگی کی تشکیل میں اہم کردار ادا کیا، اسی لیے آج میں اپنے تمام اساتذہ کو دل کی گہرائیوں سے خراجِ تحسین پیش کرتی ہوں۔انہوں نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ اپنے اساتذہ کا احترام کریں، ان کی بات غور سے سنیں اور ان کی رہنمائی سے بھرپور فائدہ اٹھائیں۔ انہوں نے کہا کہ استاد کی عزت دراصل علم، تعلیم اور معاشرے کے روشن مستقبل کی عزت ہے۔ والدین اور معاشرے کے تمام طبقات کی بھی ذمہ داری ہے کہ وہ اساتذہ کو ان کا جائز مقام دیں اور ان کی حوصلہ افزائی کریں۔ایڈیشنل ڈائریکٹر آڈٹ اینڈ اکانٹس نے کہا کہ قوموں کی ترقی، خوشحالی اور استحکام معیاری تعلیم سے وابستہ ہے، جبکہ معیاری تعلیم کے فروغ میں اساتذہ کا کردار کلیدی حیثیت رکھتا ہے۔ بالخصوص بلوچستان جیسے وسیع و عریض صوبے میں اساتذہ محدود وسائل کے باوجود نئی نسل کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کرنے کے لیے قابلِ قدر خدمات انجام دے رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ایک اچھا استاد صرف کتابی علم منتقل نہیں کرتا بلکہ طلبہ میں خود اعتمادی، اخلاق، برداشت، نظم و ضبط، حب الوطنی اور معاشرتی ذمہ داری کا احساس بھی پیدا کرتا ہے۔ ایسے ہی اساتذہ معاشرے کو قابل، باصلاحیت اور ذمہ دار افراد فراہم کرتے ہیں جو مستقبل میں ملک و قوم کی ترقی میں اپنا کردار ادا کرتے ہیں۔میڈم عابدہ کاکڑ نے بلوچستان سمیت ملک بھر کے تمام اساتذہ کو یومِ اساتذہ کی دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ اساتذہ کی گرانقدر خدمات کو جتنا بھی سراہا جائے کم ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے اساتذہ کی قدر کرنی چاہیے، کیونکہ آج معاشرے میں مختلف شعبوں میں نمایاں مقام رکھنے والی شخصیات کے پیچھے کسی نہ کسی استاد کی محنت، رہنمائی اور تربیت شامل ہوتی ہے۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ تعلیم کے شعبے کی بہتری، اساتذہ کو درپیش مسائل کے حل اور طلبہ کو بہتر تعلیمی ماحول کی فراہمی کے لیے ہر ممکن اقدامات کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ استاد کی قدر کرنا دراصل آنے والی نسلوں کے مستقبل کو سنوارنے کے مترادف ہے۔آخر میں میڈم عابدہ کاکڑ نے تمام اساتذہ کی خدمات کو سلام پیش کرتے ہوئے ان کی صحت، کامیابی اور خوشحالی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

