بیلہ-کراچی N-25 شاہراہ کے سنگل روڈ منصوبے میں غیر معمولی تاخیر اور سست روی پر متعلقہ حکام سے جواب طلب

اوتھل(این این آئی) سینیٹ قائمہ کمیٹی برائے کشمیر، گلگت بلتستان و سیفران کے چیئرمین سینیٹر اسد قاسم رونجھو نے بیلہ-کراچی N-25 شاہراہ کے سنگل روڈ منصوبے میں غیر معمولی تاخیر اور سست روی پر متعلقہ حکام سے سخت نوٹس لیتے ہوئے دوٹوک جواب طلب کیا ہے۔سینیٹر اسد قاسم رونجھو نے سینیٹ میں اس اہم منصوبے کی موجودہ پیشرفت اب تک کے مجموعی فنڈز کی تفصیلات اور کام میں تاخیر کی وجوہات پر سوالات اٹھائے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ بیلہ-کراچی N-25 محض ایک سڑک نہیں بلکہ بلوچستان کو ملک کے باقی حصوں سے ملانے والی مرکزی رگ ہے، جس پر صوبے کی معاشی سرگرمیوں، تجارت اور روزمرہ آمدورفت کا بڑا انحصار ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس شاہراہ کے طویل عرصے سے سنگل روڈ رہنے کی وجہ سے لاتعداد قیمتی انسانی جانیں ضائع ہو چکی ہیں اور مسافروں کو روزانہ کی بنیاد پر شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ عوام کو محفوظ سفری سہولیات کی فراہمی اور حادثات کے تدارک کے لیے اس منصوبے کی بروقت تکمیل اشد ضروری ہے۔ سینیٹر رونجھو نے حکام سے مطالبہ کیا کہ وہ کام کی رفتار کو سست رکھنے کی وجوہات واضح کریں، اب تک کے مالیاتی اخراجات کی تفصیلات دیں اور منصوبے کی حتمی تکمیل کے لیے واضح ٹائم لائن فراہم کریں۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ بلوچستان کے عوام کی اس دیرینہ اور بنیادی ضرورت کو مزید نظر انداز نہیں ہونے دیا جائے گا اور منصوبے کی مقررہ مدت میں تکمیل کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں